کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونا شروع، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ہسپتال منتقل

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 6 اپریل 2020 01:37

کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونا شروع، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ہسپتال منتقل
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6اپریل ۔2020ء) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاوٴننگ سٹریٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم جنہیں 10روز قبل کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا انہیں اب کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے مزید ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

بورس جانسن کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کو کورونا وائرس کی علامات مسلسل سامنے آنے پر ڈاکٹر کی ہدایت پر احتیاطی طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر عوام سے آپسی فاصلہ بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ 10 روز قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر کرس وائٹی نے ٹیسٹ کی تجویز دی جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہی آئسولیشن میں چلے گئے۔ بعد ازاں  کرونا وائرس کا شکار ہونے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی حاملہ منگیتر بھی مبینہ طور پر کرونا وائرس کا شکار بن گئی ہیں۔ اس حوالے سے برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بورس جانسن کی منگیتر کیری سائمنڈز گزشتہ ایک ہفتے سے قرنطینہ میں تھی۔ ان میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد وہ فوری قرنطینہ میں چلی گئی تھیں۔ اب کیری سائمنڈز کا کہنا ہے علامات ظاہر ہونے پر وہ بہت خوفزدہ ہو گئی تھیں۔ چونکہ وہ حاملہ ہیں اس لیے انہیں اپنے ہونے والے بچے کی بھی فکر تھی، تاہم اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔

لندن میں شائع ہونے والی مزید خبریں