پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان نے ٹاس جیت لیا، پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

پہلے سے اعلان کردہ ٹیم میں ایک تبدیلی کر دی گئی، وہاب ریاض کی جگہ حارث روف ٹیم میں شامل کر لیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 اگست 2020 21:43

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان نے ٹاس جیت لیا، پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست2020ء) پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، پاکستان نے ٹاس جیت لیا، پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ، پہلے سے اعلان کردہ ٹیم میں ایک تبدیلی کر دی گئی، وہاب ریاض کی جگہ حارث روف ٹیم میں شامل کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعہ کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جا رہا ہے۔

یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت لیا ہے۔ بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، محمد رضوان، حارث روف، محمد عامر، عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس کے باعث میچ متاثر ہو سکتا ہے۔

خدشہ ہے کہ 2 اننگز اور 40 اوورز پر مشتمل میچ شاید ممکن نہ ہو۔ بارش سے متاثرہ میچ میں فی اننگ اوورز کم کیے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ میزبان ٹیم آئن مورگن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ شائقین کرکٹ کو سیریز میں کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو جبکہ تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ دن میں کھیلا جائے گا۔

مانچسٹر میں شائع ہونے والی مزید خبریں