پاکستان میں کابینہ کی تشکیل کے بعد دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے مشن بھیجنے کو تیارہیں، آئی ایم ایف

پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی آخری قسط کا اجرا باقی ہے جو جائزہ مشن کے بعد ہی جاری ہوگی،ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 8 مارچ 2024 12:24

پاکستان میں کابینہ کی تشکیل کے بعد دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے مشن بھیجنے کو تیارہیں، آئی ایم ایف
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مارچ2024 ء) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی کابینہ کی تشکیل کے فوراً بعد دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے مشن بھیجنے کو تیار ہیں ۔ آئی ایم ایف ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں مائیکرواکنامک استحکام کو یقینی بنانے والی پالیسیوں پر عمل درآمد کیلئے ہم نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر امید ہیں۔

آئی ایم ایف کے موجودہ تین ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی آخری قسط کا اجرا باقی ہے جو جائزہ مشن کے بعد ہی جاری ہوگی جب کہ اطلاعات ہیں کہ پاکستانی حکام چھ سے 8 ارب ڈالر کا ایک اور پروگرام بھی لینا چاہتے ہیں۔ جولی کوزیک نے کہا کہ گیارہ جنوری کو پاکستان کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے پہلے جائزے کی منظوری دی، فی الحال توجہ موجودہ اسٹینڈبائی پروگرام کی تکمیل پرہے، پاکستان کے ساتھ موجود اسٹینڈبائی پروگرام اپریل دو ہزار چوبیس میں ختم ہو رہا ہے، معاشی استحکام کے لیے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف عہدیدار نے کہا کہ پاکستان میں نئی کابینہ بننے کے بعد اسٹینڈبائی دوسرے جائزے کے لیے مشن بھیجا جائےگا۔ نگراں حکومت نے مالی اہداف پرعمل کرتے ہوئے معاشی استحکام برقرار رکھا۔ نگراں حکومت میں مہنگائی کنٹرول کیلئے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رہی ۔حکام نے سماجی تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے ۔

واشنگٹن میں شائع ہونے والی مزید خبریں