Joint Maritime Information Coordination Center

Joint Maritime Information Coordination Center

جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈینیشن سینٹر ۔ میری ٹائم انفارمیشن کا مرکز

ہفتہ 22 اگست 2020

عمران راشد
پاکستان کو ان گنت میری ٹائم چیلنجز کا سامنا ہے، اس کا جیو اسٹریٹجک مقام، مشرقی ہمسائے کے خطے میں بالا دستی کے عزائم،مختلف مقاصد کے تحت خطے میں بین الاقوامی بحری قوتوں کی موجودگی اور خلیج عمان میں بحری قذاقی جیسے کئی عوامل میری ٹائم سیکیورٹی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ پاکستان کو قدرت نے ہزار کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور 240,000 مربع کلو میٹر خصوصی اقتصادی زون سے نوازا ہے، علاوہ ازیں 2015 میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے کانٹی نینٹل شیلف حدود کی جانب سے ملکی کانٹی نینٹل شیلف کی توسیع (50,000 مربع کلومیٹر) بھی منظور کی گئی۔
پاکستان کی 95 فیصد تجارت جبکہ تیل کی سو فیصد آمدو رفت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے جس کے باعث میری ٹائم سیکٹر کو ملکی معیشت میں بنیادی حیثیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سمندری راستوں کے ذریعے پاکستان کی تجارت بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی درآمد وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی ہے نتیجتا ملکی بحری مفادات کے تحفظ کے لئے میری ٹائم سیکیورٹی بہتر بنانے کی اہمیت بھی بڑھ رہی ہے۔

پاکستان کی تین کمرشل بندرگاہیں پاکستان کی تجارت کا مرکز ہیں جن میں گوادر کی بندر گاہ رفتہ رفتہ اپنی مقررہ آپریشنل صلاحیت کے حصول کی طرف رواں دواں ہے۔اس انفرا اسٹرکچر پر کسی بھی قسم کے نان اسٹیٹ ایکٹرز کے حملے کی صورت میں نہ صرف بین الاقوامی برادری میں پاکستان کا تصور متاثر ہو گا بلکہ یہ شدید معاشی اثرات بھی مرتب کرے گا جس کے بعد اضافی انشورنس پریمئیم اوررسک سرچارجزوغیرہ لاگو ہوں گے۔

میری ٹائم سیکیورٹی ملکی سیکیورٹی کا اہم جزو ہے ۔ 9/11 کے بعد سے دنیا بھر میں میری ٹائم دہشت گردی، قذاقی، انسانی، اسلحے اور منشیات کی سمندر کے راستے اسمگلنگ، غیر قانونی ماہی گیری، کثافت سے بھرپور پانی کے سمندر میں اخراج اور ماحولیاتی تنزلی کے خطرات بڑھنے کی وجہ سے میری ٹائم سیکیورٹی پر اقوام عالم کی توجہ بڑھ گئی ہے۔عالمی سطح پر تجارت کے لئے سمندروں پر انحصار کے سبب یہ خطرات اور چیلنجز اسٹریٹجک اثرات مرتب کرنے کی استعداد کے حامل ہیں۔

اسی تناظر میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو ٓآرڈینیشن سینٹرقومی سطح کا ایک پلیٹ فارم ہے جو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں وقوع پذیر ہونے والی تمام سر گرمیوں کے لئے معلومات کے تبادلے اور متعلقہ ایجنسیوں اور محکموں کے آپس میں رابطے اور تعاون کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہے ۔جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو ٓآرڈینیشن سینٹر پاک بحریہ کی ایک اہم ڈیپارٹمنٹ ہے جو منوڑہ، کراچی میں واقع ہے۔
یہ سینٹر چھ جہتوں میں کام کرتا ہے جیسا کہ میری ٹائم دہشت گردی، قذاقی، میری ٹائم جرائم(خاص طور پر انسانی، منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ)، خصوصی اقتصادی زون سے وسائل کا غیر قانونی استعمال( جیسا کہ غیر قانونی اور ممنوعہ طریقوں سے ماہی گیری)،آبی آلودگی اور سرچ اینڈ ریسکیو۔اس طرح یہ سینٹر در اصل سمندر ی قوانین کے نفاذ اور نظم ونسق چلانے میں کلیدی کردار کا حامل ہے یہ سینٹر نہ تو سکیورٹی تک محدود ہے نہ ہی کسی ایک مخصوص مسئلے تک، یہ تمام شراکت داروں میں معلومات کے تبادلے اور اپنے دائرہ کار میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں فعال کردار کے ذریعے میری ٹائم ڈومین میں آگہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

   
2013 میں اپنے قیام کے بعد سے ہی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر نے پاکستان کے سمندری حلقے میں مطلوبہ سطح پر معلومات کے تبادلے کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ مختلف قومی اور علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں ایک طویل مسافت طے کی ہے۔چھ سال کے قلیل عرصے میں قومی سطح کی 48 ایجنسیاں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر سے وابستہ ہوئیں جو میری ٹائم ڈومین میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے نمایاں حیثیت کی حامل ہیں۔

عصر حاضر میں خطے کے نہایت تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں بلا شعبہ سیکورٹی سے متعلق خطرات سے نمٹنے کے لئے اس شعبے پر خاص توجہ مرکوز کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اسی مناسبت سے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر سمندری حدود میں نظم و ضبط کی بحالی کے لئے نہ صرف خود بیش بہا کوششیں کررہاہے بلکہ دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے ۔

مقامی حکمت عملی کی تشکیل کے علاوہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر نے سنگاپور کے انفارمیشن فیوژن سینٹر اور اٹلی کے ورچوئل ریجنل میری ٹائم ٹریفک سینٹر سمیت دیگر معلومات کا تبادلہ کرنے والے پورٹلز کے ساتھ اسٹریٹجک سطح پر روابط بڑھانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔پاک بحریہ اپنی وسیع رسائی اور زیادہ نقل و حرکت کے باعث سمندری حدود کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کاوشوں کا ساتھ دیتی ہے۔
انٹرنیشنل میری ٹائم بیورو اور کوالالمپور میں پائریسی رپورٹنگ سینٹر۔ ، یورپی یونین نیول فورسس ، میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر - ہارن آف افریقہ ، دبئی میں برطانیہ کے میرین ٹریڈ آپریشنز کے دفتر برائے خلیج گیانا اور میری ٹائم ٹریڈ انفارمیشن شیئرنگ سینٹر نے سمندر ی سفر کو محفوظ بنانے اور خطے میں امن کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر علاقے کے لوگوں سے میل جول بڑھانے اور اُنہیں مثبت انداز میں شراکت دار بنانے کے لئے ایک پروگرام بھی چلاتا ہے۔ مرکز میں موجود عملے کے ممبر باقاعدگی سے ساحلی دیہاتوں میں جاتے ہیں اور عمائدین کے ساتھ ساتھ ماہی گیروں سے بھی گفت و شنید کرتے ہیں۔ ساحلی برادری کے مسائل کو سننے اور مسائل پر دوطرفہ گفتگو کرنے سے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر زیادہ تر معلومات علاقے میںموجود انسانی وسائل سے ہی حاصل کر لیتی ہے۔
ایسے علاقوں میں جہاں فوری اور موثر نگرانی کے کوئی خاطر خواہ ذرائع موجود نہیں ہیں وہان مقامی طور پر حاصل کی گئی معلومات تیز تر معلومات کے تبادلے میںایک اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ کمیونٹی کے ساتھ میل جول کو بڑھانے میں سمندر کے اندر سیاحت کی غرض سے ہونے والی کشتی رانی کے ساتھ تعاون اور معلومات کا تبادلہ بھی شامل ہے۔اس نقطہ نظر سے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا عملہ باقاعدگی سے پاکستان سی فیئیرر ایسوسی ایشن اور دی مرین ٹریننگ اکیڈمی کے ساتھ بھی رابطے میں رہتا ہے۔
حال ہی میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے تعاون سے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں سمندر میں سفر کرنے والے لوگوں کی سہولت کے لئے اینڈروئیڈ پر مبنی موبائل ایپ (کسی بھی وقت ، کہیں بھی )کے نام سے آغاز کیا ہے۔ صارف اپنے موبائل پر ایک کلک کے ساتھ کسی بھی قسم کے سمندری حادثے یا واقعے کی اطلاع دے سکتا ہے۔

سمندر میں سرحد پار سے سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے خطرات ایک نیا اُ بھرتا ہوا چیلنج ہے ، جہاں کسی ایک ادارے کے پاس خود سے سمندری خطرات / چیلنجز سے یکطرفہ طور پر نمٹنے کے لئے ضروری وسائل موجود نہیں ہیں۔ سمندری ڈومین میں سکیورٹی کے چیلنجز پر قابو پانے کا واحدحل مضبوط تعاون میں مضمر ہے۔ اس طرح کی کوششوں میں احتیاطی تدابیر کو نافذ کرنے کے لئے یابا وقت ضرورت آپریشنل ردعمل شروع کرنے کے لئے کثیرالجہتی بنیاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین درست اور بروقت معلومات کا تبادلہ نہایت ضروری ہے۔
اس ذمن میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے سمندری خطرات اور چیلنجز پر مکمل قابو پانے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔

Joint Maritime Information Coordination Center is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 22 August 2020 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.

کراچی کے مزید مضامین :