Khamosh Saltanat
خاموش سلطنت، میانی صاحب قبرستان
لاہور شہر کے وسط میں ایک وسیع و عریض ''خاموش سلطنت'' واقع ہے جس کا ولی وارث صرف خدا ہے۔ بات ہو رہی ہے پاکستان بلکہ اس خطے کے سب سے بڑے قبرستان ''میانی صاحب'' کی جو لاہور کے علاقے مزنگ میں واقع ہے
ڈاکٹر سید محمد عظیم شاہ بُخاری جمعرات 25 فروری 2021
پاکستان کے شہر لاہور کے سب سے وسیع قبرستان کو اگر قبروں کا سب سے بڑا "عجائب گھر" کہیں تو غلط نہ ہو گا کہ اس کی ہر ایک قبر اور اس کا کتبہ ایک نئی کہانی سناتے ہیں۔ اس کی ابتدا مغل عہد سے ہوئی جب لاہور 12 دروازوں کے ساتھ بڑی فصیل یا چار دیواری تک محیط تھا اور موضع مزنگ اس کے مضافاتی ٹیلوں میں سے ایک چھوٹا سا گاؤں تھا جس کے ایک سرے پر میانے یعنی مولوی حضرات رہتے تھے۔
(جاری ہے)
پنجاب کے دیہاتوں میں اب بھی مولوی حضرات کو ’’میانے‘‘ کہا جاتا ہے، اسی نسبت سے اس جگہ کا نام میانی صاحب پڑا۔
میانی صاحب قبرستان 1،206 کنال (60 ہیکٹر، 149 ایکڑ) پر محیط ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس میں تقریباً چار لاکھ قبریں موجود ہیں۔
قبرستان کے بیچ میں سے گزرنے والی چھوٹی بڑی سڑکیں اسے مختلف حصوں میں تقسیم کرتی ہیں۔ اس زمین میں بڑے بڑے صوفیاء، شاعر، افسانہ نگار، قومی ہیرو، صحافی، فوجی اور آرٹسٹ مدفون ہیں جن میں سے چیدہ چیدہ کا یہاں ذکر کرنا چاہوں گا۔
حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ
آپ مئی 1887 کو گکھڑ منڈی ضلع گوجرانوالہ کے نزدیک ایک قصبے جلال پور میں پیدا ہوئے۔
ابتدائی تعلیم اپنی والدہ محترمہ سے حاصل کی پھر ''مدرسہ دارالارشاد'' میں 6 سال تک علوم دینیہ کی تکمیل کی اور1907ء میں فارح التحصیل ہوئے۔ اس کے بعد مدرسہ دارالارشاد میں ہی مدرس مقرر ہوئے اور پھر نواب شاہ کے ایک مدرسہ میں آ گئے۔ آپ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بھی تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ۔
آپ نے قرآن پاک کا ترجمہ کرنے کے علاوہ 34 چھوٹے چھوٹے رسالے تالیف کیے جن میں رسوم الاسلامیہ، اصلی حنفیت، رسول اللہﷺ کے وظائف، میراث میں شریعت، اسلام میں نکاح بیوگان، ضرورۃ القرآن، توحید مقبول، فوٹو کا شرعی فیصلہ اور فلسفہ روزہ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
احمد علی، اللہ کا قرآن سمجھا کہ جا تو میرا دوسرا قدم پائیدان پہ بعد میں پہنچے گا لیکن میں آنے والے کو پورا قرآن سمجھا کہ جاؤں گا۔
کسی نے پوچھا کہ قرآن کے تیس پارے پائیدان پہ کیسے سمجھائیں گے؟؟
فرمایا ؛ قرآن کا خلاصہ تین چیزیں ہیں،
رب کو راضی کرو عبادت کے ساتھ، شاہ عربؐ کو راضی کرو اطاعت کے ساتھ اور مخلوقِ خدا کو راضی کرو خدمت کے ساتھ ۔ ۔ یہ پورے قرآن کا خلاصہ ہے۔
(بحوالہ حضرت لاہورؒ کے حیرت انگیز واقعات)
آپ تحریک آزادی ہند کے امین تھے، ہر مصیبت میں آپ نے قوم کا ساتھ دیا اور قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ تحریک ختم نبوت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
1931ء میں میکلیگن انجینئرنگ کالج لاہور کے انگریز پرنسپل نے پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف نازیبا کلمات استعمال کیے تو آپ نے اس کے خلاف آواز اٹھائی۔ اس سلسلہ میں آپ کو گرفتاربھی کیا گیا۔
آپ کی خدمات کی ایک لمبی لسٹ ہے جن میں اسلام کی ترقی کے لیے انجمن خدام الدین کا قیام ، نظامۃ المعارف القرنیہ کے نام پر علما کرام اور جدید تعلیم یافتہ حضرات کی ایک مخلوط جماعت کی تیاری، بے شمار رسالوں میں شریعت کے مسئائل کا حل بیان کرنا اور ختم نبوت کا دفاع شامل ہے۔
آپ کا ارشاد ہے کہ ''مرزائیوں کی طرفداری کرنا اور ختم نبوت کے کام سے روکنا اپنی قبر کو جہنم کا گڑھا بنانا ہے ''۔
مولانا احمد علی لاہوریؒ نے 74 سال 9 ماہ کی عمر میں بروز جمعہ 2 رمضان 1381ھ/ 23 فروری 1962ء کو لاہور میں وفات پائی۔ آپ کی تدفین ہفتہ 24 فروری 1962ء کو میانی صاحب قبرستان، لاہور میں کی گئی۔
غازی علم دین شہیدؒ
غازی علم الدین شہید 3 دسمبر 1908ء کو لاہور کے علاقے ''کوچہ چابک سواراں ''(جو اب محلہ سرفروشاں کہلاتا ہے) میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کا نام طالع مند تھا جو لکڑی کے کاریگر تھے۔علم الدین کے آباء و اجداد سکھ مت کے پیروکار تھے، لیکن وقت کے اولیاء اللہ کی صحبت میں رہ کر علم الدین کے ایک جد امجد بابا لہنا سنگھ نے اسلام قبول کیا۔ جس پر انھیں سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، بعد میں عبادت و ریاضت میں لگے رہے اور عوام میں ان کو بھی ولی کا مقام ملا۔
غازی علم دین نے ابتدائی تعلیم اپنے محلے کی مسجد اور اندرون اکبری دروازہ بابا کالو کے مدرسہ میں حاصل کی۔ تعلیم سے فراغت کے بعد آپ نے اپنے آبائی پیشہ کو اختیار کیا اور 1928 میں آپ کوہاٹ منتفل ہو گئے۔
انہی دنوں لاہور کے ایک ہندو ناشر راج پال نے نبیؐ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے ایک بے ہودہ و بدنام زمانہ کتاب شائع کی۔ جس پر مسلمانوں میں سخت بے چینی پیدا ہو گئی اور مسلمان رہنماؤں نے انگریز حکومت سے اس دل آزار کتاب کو ضبط کرانے اور ناشر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مجسٹریٹ نے ناشر کو صرف چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ جس کے خلاف مجرم نے ہائی کورٹ میں اپیل کی جہاں جسٹس دلیپ سنگھ مسیح نے اس کو رہا کر دیااس پر مایوس ہوکر مسلمانوں نے متعدد جلسے جلوس منعقد کیے۔ مگر انگریز حکومت نے ایک نہ سنی ۔
غازی خدا بخش اور غازی عبدالعزیز نامی دو مسلمانوں نے بھی اس کو واصلِ جہنم کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ ان حملوں سے بچنے کے بعد راج پال کچھ عرصے کے لیے لاہور چھوڑ کر کاشی اور ہردوار چلا گیا، مگر چند ماہ بعد ہی واپس آگیا اور دوبارہ اپنا کاروبار شروع کر دیا۔
غازی علم دین کی غیرت ایمانی نے یہ گوارا نا کیا کہ یہ ملعون اتنی آسانی سے بچ نکلے آپ نے اس کا قصہ پاک کرنے کا سوچا اور29 اپریل 1929ء کو راج پال کی دکان کا رخ کیا۔ اس وقت یہ ملعون انارکلی میں موجود اپنی دکان پربیٹھا تھا۔ علم دین نے اسے للکارا اور ایک ہی بھرپور وار میں اس بدبخت کا کام تمام کر دیا۔ اس کی دکان کے ایک ملازم نے قریبی تھانے انارکلی کو خبرکر دی۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ان پر قتل کا مقدمہ درج کرکے کیس چلایا گیا۔ علامہ اقبال کی درخواست پر قائداعظم محمد علی جناح نے علم دین کا مقدمہ لڑا۔
قائداعظم نے ایک موقع پر علم دین سے کہا کہ وہ جرم کا اقرار نہ کرے۔ غازی علم دین نے کہاکہ میں یہ کیسے کہہ دوں کہ میں نے یہ قتل نہیں کیا،مجھے اس قتل پر ندامت نہیں بلکہ فخر ہے۔
کورٹ نے علم دین کو سزائے موت سنا دی۔ قائداعظم محمد علی جناح لبرل تصور کئے جاتے تھے اور اس وقت ہندو مسلم اتحاد کے بہت بڑے حامی تھے، ہندو اخبارات نے ان پر کڑی تنقید کی لیکن قائداعظم نے اس تنقید کو رد کرتے ہوئے کہا
''مسلمانوں کیلئے حضور اکرم(ص) کی ذات مبارکہ ہر چیز سے بڑھ کر ہے''۔
نیپ نامی انگریز جج نے آپ کو مورخہ 22 مئی 1929ء کو سزائے موت کا حکم سنایا۔
پھانسی کے بعد برطانوی حکومت نے ان کی میت بغیر نماز جنازہ جیل کے قبرستان میں دفنادی جس پر مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا اور علامہ اقبال نے ایک مہم چلائی اور آخر کار انگریزوں کو یہ یقین دہانی کرانے کے بعد کہ” لاہور میں تدفین کے موقع پر ہنگامہ آرائی نہیں ہوگی“ اس کی اجازت دے دی گئی۔ 15 دن بعد جب غازی علم دین شہید کی میت کو قبرسے نکالا گیا تو ان کا جسد خاکی پہلے دن کی طرح تروتازہ تھا۔ علم دین شہید کے والد نے علامہ اقبال سے علم دین کی نماز جنازہ پڑھانے کی درخواست کی جس پر علامہ اقبال نے ان سے کہا کہ وہ بہت گناہ گار انسان ہیں، اس لئے اتنے بڑے شہید کی نماز جنازہ وہ نہیں پڑھاسکتے۔
غازی علم دین شہید کا جنازہ لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا نماز جنازہ مانا جاتا ہے جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ جنازہ کا جلوس ساڑھے پانچ میل لمبا تھا۔ نماز جنازہ یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں کم و بیش چھ لاکھ عشاق رسول نے شرکت کی ہندوستان میں مقیم جید علما کرام و مشائخ عظام بھی کونے کونے سے رسول پاک کے سچے عاشق کے آخری دیدار کے لیے لاہور تشریف لائے۔ تدفین کے انتظامات مولانا ظفر علی خان، علامہ محمد اقبال اور سید دیدار علی شاہ کے ذمے تھے۔
علامہ اقبال نے غازی علم دین شہید کی میت کو کندھا دیا اور اپنے ہاتھوں سے انہیں قبر میں اتارا۔ اس موقع پر علامہ اقبال نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا ۔
”ترکھان کا بیٹا آج ہم پڑھے لکھوں پر بازی لے گیا اور ہم دیکھتے ہی رہ گئے۔“
علم دین شہید کی پھانسی کے بعد ایسے حالات پیدا ہوئے جس کے بعد انگریزوں کو قوانین میں تبدیلی کرنا پڑی اور کسی بھی مذہب کی توہین کو جرم قرار دیا گیا اور اس طرح ایک نوجوان کی قربانی قانون میں تبدیلی کا پیش خیمہ بنی۔
آزادی پاکستان کے بعد توہین رسالت کے قانون کو ”پاکستان پینل کوڈ“ کا حصہ بنایا گیا اور 1982ء میں اس وقت کے صدر جنرل ضیاء الحق نے اس قانون میں ترمیم کرتے ہوئے قرآن کریم کی توہین کی سزا عمر قید جبکہ حضور اکرم (ص) کی توہین کی کم از کم سزا موت رکھی۔
لاہورکے میانی صاحب قبرستان میں ایک نمایاں مقام پر آپ کی آخری آرام گاہ موجود ہے۔ مزار کے چہار اطراف برآمدہ ہے، مزار بغیر چھت کے ہے، قبر کے اطراف غازی کے والد محترم، والدہ محترمہ اور دیگر رشتے داروں کی بھی آخری آرامگاہیں موجود ہیں۔ لوح مزار پر پنجابی اور اردو کے کئي اشعار کندہ ہیں۔
حضرت واصف علی واصفؒ
''جھوٹا آدمی کلام الہی بھی بیان کرے تو اثر نہ ہوگا۔ صداقت بیان کرنے کے لیے صادق کی زبان چاہیے''
واصف علی واصف (15 جنوری 1929ء تا 18 جنوری 1993ء) بیسویں صدی کے ایک معروف شاعر، مصنف، کالم نگاراورمسلم صوفی تھے جن کا تعلق پنجاب کے ضلع خوشاب سے تھا۔
ابتدائی تعلیم خوشاب میں حاصل کرنے کے بعد اپنے نانا کے پاس جھنگ آ گئے جو جوانی میں قائدِ اعظم کے زیرِ نگرانی امرتسر میں مسلم لیگ کے لیے کام کر چکے تھے۔میٹرک گورنمنٹ ہائی سکول جھنگ سے فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا۔ایف اے کے امتحان میں بھی پنجاب یونیورسٹی سے فرسٹ ڈویژن حاصل کی (ان دنوں یہ امتحان بورڈ کی بجائے پنجاب یونیورسٹی لیا کرتی تھی)۔ گورنمنٹ کالج جھنگ سے بی-اے کرنے کے بعد ایم-اے انگریزی ادب میں داخلہ لے لیا۔
ان دنوں آپ گورنمنٹ کالج لاہور میں پڑھتے تھے اور ہاسٹل میں رہا کرتے تھے۔ یہاں آپ نے کھیل میں بھی دلچسپی دکھائی اور ہاکی میں حسنِ کارکردگی پر ”کالج کلر“ وصول کیا۔ اس کے علاوہ کالج کی مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ اسی کالج میں اپنی بھرپور سرگرمیوں کی وجہ سے 1949ء میں آپ کو ”ایوارڈ آف آنر“ دیا گیا۔
واصف علی واصف صاحبؒ یو پی کے شہر بریلی میں شاہ نیاز احمد چشتی قادریؒ کے آستانہ عالیہ سے بیعت تھے۔ یہ بریلی گئے اور وہاں خانقاہ نیازیہ کے سجادہ نشین ''محمد حسن میاں سرکارؒ''کے ہاتھ پر بیعت ہوئے۔
''جب آنکھ کے اندر دل آ جائے، تو دل میں آنکھ پیدا ہو جاتی ہے''
پھر آپ نے مختلف اخباروں اور جرائد میں لکھنا شروع کیا ۔ چاہنے والوں کے اصرار پر کلام جمع کر کہ پہلی کتاب ''شب چراغ'' منظر عام پر آئی۔ اس کے بعد رشد و ارشاد کا ایک دریا بہہ نکلا۔ آپ کے اتنے مرید و سامعین ہو گئے تھے کہ پہلے لکشمی چوک اور پھر قزافی سٹیڈیم میں فزیکل ٹریننگ کے ادارے میں محفلیں جمنا شروع ہو گئی، جہاں آپ گھنٹوں مختلف موضوعات پر بولا کرتے۔ بعد میں یہ سلسلہ آپ کی قیام گاہ فردوس کالونی گلشن راوی پر شروع ہوا۔
تاثیر کا یہ عالم تھا کہ لوگوں نے دھڑا دھڑ آپ سے رابطہ کرنا شروع کر دیا اور اپنے دینی‘ دنیاوی اور روحانی مسائل کے حل کے لیے آپ کو مستجاب پایا۔
”عظیم لوگ بھی مرتے ہیں مگر موت ان کی عظمت میں اضافہ کرتی ہے“
18 جنوری 1993ءبمطابق 24 رجب 1415ھ وہ دن تھا جب یہ مرد مجاہد اس دنیائے فانی سے کوچ کر گیا۔ آپ کا مزار لاہور کے میانی قبرستان میں بر لبِ سڑک واقع ہے۔ آپ کی مشہور تصانیف میں قطرہ قطرہ قلزم،حرف حرف حقیقت،دل دریا سمندر، بھرے گھڑولے، گمنام ادیب، مکالمہ دریچے اور ذکر حبیب شامل ہیں۔
میجر شبیر شریف شہید
میجر شیبر شریف شہید 28 اپریل 1943 کو پنجاب کے ضلع گجرات کے قصبے کنجاہ میں پیدا ہوئے۔ وطن سے محبت اور بہادری آپ کے خون میں تھی چنانچہ سینٹ انتھونی اسکول سے او لیول کا امتحان پاس کرنے اور گورنمنٹ کالج لاہور سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد کاکول ملٹری اکیڈمی میں داخلہ لے لیا ۔
میجر شبیر شریف 65 کی پاک بھارت جنگ میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ شریک ہوئے اور جنگ میں بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرنے پر انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
آپ کا اگلا امتحان 71 کی جنگ تھی جب آپ کو سلیمانکی سکیٹر میں فرنٹئیر رجمنٹ کی ایک کمپنی کی کمانڈ سونپی گئی اور انہیں ایک اونچے بند پر قبضہ کرنے کا ٹارگٹ ملا ۔
تین دسمبر 1971ء کی شام تک دشمن کو اس کی قلعہ بندیوں سے باہر نکال دیا،6 دسمبر کی دوپہر کو دشمن کے ایک اور حملے کا بہادری سے دفاع کرتے ہوئے میجر شبیر شریف اپنے توپچی کی اینٹی ائیر کرافٹ گن سے دشمن ٹینکوں پر گولہ باری کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے دشمن فوج اور ان کے ٹینکوں کو بھی زبردست نقصان پہنچایا اور 6دسمبر 1971 کو ملک اور قوم کے لیے اپنی جان قربان کردی۔
وطن کے دفاع میں دلیری سے لڑنے اور پاک فوج کے لیے ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلی ترین فوجی اعزاز ''نشان حیدر'' سے نوازا گیا۔
اس سے پہلے آپ کے ماموں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید بھی نشان حیدر حاصل کر چکے تھے۔
آپ کے چھوٹے بھائی جنرل راحیل شریف سربراہ پاک فوج کے آرمی چیف بھی رہ چکے ہیں۔
سعادت حسن منٹو
جب جب برصغیر پاک و ہند کے مشہور افسانہ نگاروں کا ذکر آئے گا، سعادت حسن منٹو کو کوئی چاہ کر بھی نہ بھول پائے گا۔ یہ وہ شخص ہے جس سے آج شاید ہر دوسرا بندہ اختلاف رکھتا ہو لیکن ان کی تحریریں معاشرے کا وہ ''گدلا آئینہ'' ہیں جسے ہم چاہ کر بھی نہیں دھو سکتے۔
منٹو 11 مئی 1912 کو موضع سمبرالہ، ضلع لدھیانہ میں پیدا ہو ئے۔ دوست انہیں ٹامی کے نام سے پکارتے تھے۔ منٹو اپنے گھر میں ایک سہما ہوا بچہ تھا۔ جو سوتیلے بہن بھائیوں کی موجودگی اور والد کی سختی کی وجہ سے اپنا آپ ظاہر نہ کر سکتا تھا۔ ان کی والدہ ان کی طرف دار تھیں۔ وہ ابتدا ہی سے اسکول کی تعلیم کی طرف مائل نہیں تھے۔ ان کی ابتدائی تعلیم گھر میں ہوئی۔
پاکستان بننے کے بعد نہ چاہتے ہوئے بھی وہ یہاں منتقل ہو گئے اور یہاں ان کے قلم نے بہترین افسانے تخلیق کیے، جن میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، دھواں، بو شامل ہیں۔ ان کے کئی افسانوی مجموعے ،خاکے اور ڈرامے شائع ہو چکے ہیں۔ کچھ افسانوں کے موضوعات اور مکالموں پر پر آپ کے خلاف عدالتی کروائی بھی ہو چکی ہے جس کا آپ نے بے جگری سے مقابلہ کیا۔
کثرتِ شراب نوشی کی وجہ سے 18 جنوری 1955ء کو ان کا انتقال ہوا۔
منٹو ان چند بد نصیبوں میں سے ہے جنہیں شہرت ان کے مرنے کے بعد نصیب ہوئی۔ ان کی زندگی میں بہت سے پبلشرز نے ان کا استحصال کیا لیکن مرنے کے بعد ان کے افسانے و کتابیں دھڑا دھڑ شائع کر کہ بیچی گئیں۔ ان پر پاکستان و بھارت میں فلم بھی بنائی جا چکی ہے۔
دلا بھٹی شہید
اصل نام رائے محمدعبداللہ خان بھٹی تھا لیکن ''دلا بھٹی اور پنجاب کا رابن ہڈ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
دلا بھٹی 1546 کو پنجاب کے علاقے ساندل بار (راوی و چناب کے بیچ کا علاقہ جو آپ کے دادا کے نام پر ساندل کہلایا) کے شہر پنڈی بھٹیاں میں مسلمان، راجپوت زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ کا قبیلہ ایک بہادر اور جنگجو قبیلہ تھا جس کی بدولت پنجاب بیرونی لٹیروں اور ڈاکوؤں سے محفوظ تھا۔ اس لیئے لوگ اس خاندان کی بہت عزت کرتے تھے۔
آپ کے والد فرید بھٹی اور دادا ساندل بھٹی کی حریت پسندی سے خوفزدہ مغل بادشاہ اکبر نے انہیں سزائے موت دے دی۔ دلا بھٹی کی پیدائش اپنے والد کی وفات کے 12 دن بعد ہوئی۔
مادھو لال حسینؒ نے آپ کا جنازہ پڑھایا اوران کے آخری الفاظ کو اس طرح بیان کیا؛
"پنجاب کا کوئی غیرت مند بیٹا کبھی پنجاب کی سرزمین کو فروخت نہیں کرے گا"
دریائے چناب اور سندھ کا علاقہ انہی کے نام پر ''دلے دی بار'' کہلاتا ہے۔ ہر 13 جنوری کو ہونے والے لوہڑی کے میلے میں پتلی تماشے کے ذریعے اس واقعے کو دکھایا جاتا ہے۔ بھارتی پنجاب میں دلا بھٹی ایک ہیرو کے طور پہ پوجے جاتے ہیں اور وہاں آپ پر کوئی آٹھ فلمیں اور کئی ڈرامے بھی بن چکے ہیں۔لاہور کے علاقے گلشنِ راوی میں دلا بھٹی کے نام پر ایک چوک بھی موجود ہے۔
ماواں جمن دلا بھٹی کدی کدی
1964 میں پنجاب کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے۔ گھر میں ہر طرف غربت کا دور دورہ تھا۔ ایک دن انہوں نے اس ماحول سے تنگ آکر امرتسر کی راہ لی اور یہاں ہال بازار میں ایک کنگھیاں بنانے والے کے پاس ملازم ہو گئے، دن بھر کام کرتے اور رات کو اسی دکان کے کسی گوشے میں پڑے رہتے۔ لیکن شعر وہ اس 14، 15 برس کے عرصے میں ہی کہنے لگے تھے اور اپنے بے تکلف دوستوں کی محفل میں سناتے بھی تھے۔ شروع میں تخلص ناصر مجازی تھا لیکن جلد ہی اسے چھوڑ کر ''ساغر صدیقی'' ہو گئے۔
ان میں کچھ صاحب اسرار نظر آتے ہیں
تیری محفل کا بھرم رکھتے ہیں سو جاتے ہیں
ورنہ یہ لوگ تو بیدار نظر آتے ہیں
1947ء میں پاکستان بنا تو وہ امرتسر سے لاہور چلے آئے۔ یہاں دوستوں نے انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا اور آپ کا کلام مختلف پرچوں میں چھپنے لگا۔ سینما فلم بنانے والوں نےبھی گیتوں کی فرمائش کی اور انہیں حیرتناک کامیابی ہوئی۔ اس دور کی متعدد فلموں کے گیت ساغر کے لکھے ہوئے ہیں۔ اس زمانے میں اس کے سب سے بڑے سرپرست انور کمال پاشا تھے۔
تم سے کہیں مِلا ہوں مجھے یاد کیجیئے
اس کے بعد انہوں نے رسائل اور جرائد کے دفتر اور فلموں کے اسٹوڈیو آنا جانا چھوڑ دیا۔ ساغر کے مزاج کی تلخی نے ہر وقت بے خود رہنے کی خواہش میں اضافہ کیا اور نوبت یہاں تک آ گئی کہ آپ نشے میں مدہوش کہیں کسی سڑک کے کنارے پڑے رہتے۔
ان کی ایک غزل صدرِ پاکستان جنرل ایوب خان کو پسند آ گئی تو جناب نے انہیں طلب کر لیا۔ بہت ڈھونڈنے پر جب یہ ہاتھ آئے تو انہوں نے صاف منع کر دیا اور زمین پر پڑی سگرٹ کی خالی ڈبیا اٹھا کر اسے کھولا، کسی سے قلم مانگا اور اس کے اندر موجود کاغذ کے ٹکڑے پر یہ شعر لکھا
اس عہد کے سلطان سے کچھ بھول ہوئی
میرے نغمات کواندازِ نوا یاد نہیں
آؤ ایک سجدہ کریں عالمِ مدہوشی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں
فنِ پہلوانی کا ایک بڑا اور مشہور نام بوٹا پہلوان، 6 فٹ 4 انچ قد کے ساتھ اپنے وقت کا بہترین پہلوان مانا جاتا تھا۔ آپ کا پورا نام میاں محمد بوٹا تھا، 1844 میں لاہور کے ایک غریب خاندان میں آنکھ کھولی ۔ بچپن میں ہی پہلوانی کا شوق چڑھ گیا اور اسی جانب راغب ہو گئے۔ اکھاڑے میں تو آ جاتے لیکن صحیح خوراک نہ ملنے کے باعث جسمانی کارکردگی تسلی بخش نہ تھی۔ کہتے ہیں کہ ان دنوں مزاروں پر خالص سرسوں کے تیل سے دیئے جلائے جاتے تھے۔ بوٹا پہلوان ان دیئوں کا ذخیرہ شدہ تیل پی جاتا اور اپنے بدن کو توانائی فراہم کرتا۔
بوٹا، مردانہ وجاہت کا ایک نمونہ تھا ۔ آپ کو اصل شہرت امرتسر میں ہونے والے مقابلے سے ملی جس میں علیا پہلوان مدِ مقابل تھا جو اس دور کا بہترین پہلوان مانا جاتا تھا۔ بوٹے نے بیس منٹ میں علیا کو چت کر دیا اور پہلوانی کے فن کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں میں اس کی دھوم مچ گئی۔
یہ تاریخ کا ایک بہت بڑا مقابلہ تھا جسے ''مہا دنگل'' کا نام دیا گیا۔ کئی راجاؤں نے اس میں شرکت کی۔ مہا دنگل کی صدارت کے فرائض کھانڈے راؤ نے انجام دیئے۔ بوٹے نے اپنے داؤ پیچ آزماتے ہوئے بھاری بھرکم رمزی پہلوان کو ڈھیر کر دیا اور یہ مقابلہ جیت لیا۔ پورا اکھاڑا نعروں سے گونج اٹھا۔ کھانڈے راؤ نے بوٹے کی جیت کا اعلان کیا اور اس کو انعام و اکرام کے ساتھ تا عمر وظیفہ بھی عنایت کیا۔ جودھپور کے مہاراجہ جسوعنت سنگھ نے بھی طلائی کڑے انعام میں دیئے۔ اسی جگہ انہیں ''دیو دل'' کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔
بوٹا سنگھ نے اپریل 1904 بمطابق 30 محرم کو انتقال فرمایا۔
جس کی شہزوری سے تھا شیرِ نسیتان منفغل
حضرت شیخ محمد طاہر بندگی لاہوریؒ نقشبندی سلسلے کے جلیل القدر بزرگ تھے اور مغلیہ دور کے شہرہ آفاق مبلغ اور مدرس تھے ۔ آپ ۱۵۷۶ء کو لاہور میں پیدا ہوئے اور اندرون شہر محلہ شیخ اسحاق میں رہائش اختیار کی۔ آپ کی ابتدائی تعلیم و تربیت لاہور میں ہوئی۔ قریبی مسجد سے کچھ عرصے میں قرآن پاک ختم کیا اور اس کے بعد مختلف علماء سے دینی علوم حاصل کیے۔ دینی علم کے حصول کے بعد آپ تلاش حق کے لیئے نکلے اور ''شاہ سکندر بن شاہ کمال کتیھلی'' کی خدمت میں حاضر ہو کر مرید ہو گئے۔ کچھ عرصہ ''حضرت شیخ عبدالاحد سرہندی'' کی خدمت میں گزرا ۔ حضرت شاہ سکندر کمال کتیھلی آپ کو طاہر بندگی کے نام سے پکارا کرتے چنانچہ آپ اسی نام سے مشہور ہوئے۔ بعد میں آپ نے حضرت مجدد الف ثانیؒ کی مریدی اختیار کی اور ان کی رہنمائی میں معرفت کے مدارج طے کیئے۔
علوم ظاہر و باطنی کی تکمیل کے بعد آپ کو حضرت امام ربانی نے لاہور کی خلافت پر فائز فرمایا، چنانچہ آپ اپنے مرشد کے ارشاد کے مطابق لاہور تشریف لے آئے۔ چند سال میں ہزاروں لوگ آپؒ کے مرید اور شاگرد ہوگئے۔
میانی صاحب میں سکونت اختیار کرنے کے بعد وہاں آپ نے ایک دینی درس گاہ قائم کی اور اس درس گاہ میں قرآن تفسیر حدیث فقہ پڑھانے کا بندوبست کیا آپ درس و تدریس کا کسی سے معاوضہ نہ لیتے بلکہ آپ نے دین اسلام کی تبلیغ کی خاطر سب کچھ کیا۔ اس درس گاہ میں آپ نے ایک کتب خانہ بھی قائم کیا تھا جس میں قرآن و حدیث کی ہزارہا کتب تھیں۔ عہد اسلامی کے آخر تک یہ کتب خانہ باقی رہا مگر جب لاہور میں سکھوں کی حکومت آئی تو غارتگروں نے اس مدرسہ کو لوٹا اور ہزاروں قرآن و کتابیں لوٹ کر لے گئے۔
آپ کے نامور خلفاء میں سے شیخ ابو محمد قادری نقشبندی لاہوری (میانی قبرستان) سیّد صوفی (دہلی) شیخ لکھن یا کھن مست (مزار موری دروازہ کے باہر) اور شیخ آدم نبوری (مزار مدینہ منوّرہ) مشہور ہیں۔
آپ بروز جمعرات ۸ محرم الحرام ۱۰۴۰ھ بمطابق ۱۶۳۰ء فوت ہوئے اور اس جگہ دفن ہوئے جہاں آپ کی درس گاہ تھی۔
خواجہ دل محمد
خواجہ دل محمد اسلامیہ کالج لاہور کے سابق پرنسپل تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ میونسپل کمشنر اور لاہور امپروومنٹ ٹرسٹ کے ٹرسٹی بھی رہ چکے ہیں۔ آپ کی وفات 28 مئی 1961 میں ہوئی۔ آپ کی قبر میانی صاحب کے آخری کونے میں واقع ہے۔
میاں محمد سلطان
قبر کے کتبے کے مطابق میاں محمد سلطان، سرائے سلطان اور لنڈا بازار کے بانی تھے جن کا انتقال 4 فروری 1876 میں ماہ رمضان کی 27 کو ہوا۔
دیگر بزرگانِ دین و مشہور ہستیاں
ان کے علاوہ میانی صاحب قبرستان میں بڑے چھوٹے کئی مزار و مقبرے موجود ہیں جن میں بہت سے نامور و گمنام بزرگانِ دین آرام فرما رہے ہیں جن سے ہم واقف بھی نہیں۔ حضرت خواجہ چراغ الدین اولیاء، حضرت خواجہ عبدالمجید سید سرہالی چشتی قادری، حضرت خواجہ عامر مجید چشتی قادری،حضرت خواجہ فیروز الدینؒ سید مؑصوم علی شاہ کے مزارات اور حضرت موسیٰ خاں، آغا شورش کاشمیری، زیڈ اے سلہری، حمید نظامی،مجید نظامی، صوفی تبسم، منوبھائی، میاں عبدالرشید، عبدالمالک شہید، زبیدہ خانم، وزیراعظم لیاقت علی کی والدہ، کی قبریں بھی یہاں موجود ہیں۔
بہت سے خاندانوں نے یہاں اپنے احاطے بھی بنا رکھے ہیں جہاں ایک ہی خاندان کے کئی لوگوں کی قبریں موجود ہیں اور کچھ جگہ خالی بھی ہے۔ یہاں جا کہ ایک عجیب طرح کا اطمینان محسوس ہوتا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے یہ قبریں ہم سے کچھ کہنا چاہتی ہیں۔
کیا۔۔۔۔؟؟؟؟
یہ تو وہیں جا کر ہی پتہ چلے گا۔
Khamosh Saltanat is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 25 February 2021 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.
متعلقہ عنوان :
لاہور کے مزید مضامین :
مقبرہ جانی خان
Maqbara Jaani Khan
خاموش سلطنت، میانی صاحب قبرستان
Khamosh Saltanat
جاوید منزل کی تاریخی اہمیت
Javed Manzil Ki Tareekhi Ehmiyat
علی چوہدری کی”ڈیجیٹل سلطنت“
Ali Chaudhry Ki Digital Saltanat
پاک بحریہ: سات دہائیوں کی داستان
Pakistan Navy: Tale of Seven Decades
بلواکانومی کی ترقی کے لیے سمندر کے حوالے سے لاعلمی ختم کرنے کی ضرورت
Blue Economy Ke liye Samandar Ke Hawale se La-ilmi Khatm Kerne ki Zarorat
جھوٹ کے نقصانات اور ہمارا معاشرہ
Jhoot Ke Nuqsanat Aur Humara Muashra
عالمی یوم ہائیڈروگرافی اور سمندروں کی نقشہ سازی
World Hydrography Day
پاکستان، آفات اور الخدمت
alkhidmat
حنین ، صلاح الدین اور ہم ---ذمہ دار کون ؟
Hanain Salahuddin or hum
یوم قرارداد پاکستان اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار
yom qarardad Pakistan aur sabz hilali parchmon ki bahhar
قرار داد لاہور،پس منظر و پیش منظر
qarar daad Lahore pas manzar o paish manzar
لاہور سے متعلقہ
پاکستان کے مزید مضامین
-
سیلاب کی تباہکاریاں اور سیاستدانوں کا فوٹو سیشن
-
کھابے ، گلگت بلتستان کے ۔۔۔
-
چنیوٹ کا تاج محل
-
1965 کی جنگ میں پاکستان کی بحری افواج کا کردار
-
جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈینیشن سینٹر ۔ میری ٹائم انفارمیشن کا مرکز
-
میانوالی (پنجاب کا پختونخواہ)
-
پی این ایس یرموک: پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث
-
اسلام آباد میں کرونا وائرس کی حقیقی صورت حال
-
ہندوستان کی تاریخ میں تاریخ ساز کردار اداکرنے والے ضلع جھنگ کا پس منظر اور تعارف
-
علم کی شمع روشن کرنے والے ڈاکٹر ساجد اقبال شیخ تحسین کے مستحق ہیں!!!
-
پاکستان میں شعبہ نرسنگ کی جدت ساز باہمت خاتون ،، مسز کوثر پروین ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب
-
چنیوٹ کا عمر حیات محل جو تاج محل سے مماثلت بھی رکھتا ہے