ایبٹ آباد کے شہریوں کا پنجاب حکومت کی طرز پر ہزارہ بھر میں مرغی کے گوشت کا الگ سے ریٹ مقرر کرنے کا مطالبہ

منگل 30 اپریل 2024 12:57

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ایبٹ آباد کے شہریوں نے پنجاب حکومت کی طرز پر ہزارہ میں بھی مرغی کے گوشت کا الگ سے ریٹ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرغی کے ریٹ میں جب اضافہ ہو تو مرغ فروش دکاندار صبح سویرے ریٹ لسٹ واضح جگہ پر آویزاں کر دیتے ہے جبکہ ریٹ کم ہونے کی صورت میں دوپہر دو سے تین بجے تک ریٹ لسٹ آویزاں ہی نہیں کی جاتی، پوچھنے پر جواب ملتا ہے کہ ابھی تک ریٹ لسٹ آئی ہی نہیں ہے، یہ شہریوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے، ایسے مرغ فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد سمیت ہزارہ بھر میں میں انتظامیہ صرف زندہ مرغی کے ریٹ فراہم کر رہی ہے، ضلع میں کوئی بھی مرغ فروش زندہ مرغی تول کر دینے سے انکاری ہے، صرف گوشت کو تول کر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، زندہ مرغی کے ریٹ اور گوشت کی قیمت میں بہت بڑا فرق ہے اور اس فرق سے صرف دکانداروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، گاہکوں سے زندہ مرغی کی نسبت گوشت کی مد میں 60 سے 70 روپے اضافی لئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے حکام دو تین دنوں کے بعد شہر میں ایک آدھ چکر لگا کر ایک دو مرغ فروشوں پر جرمانے کر کے واپس چلے جاتے ہیں تاہم اس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا، اگر مرغ فروشوں سے زندہ مرغی تول کر دینے کی بات کی جائے تو وہ صاف انکاری ہوتے ہیں، مزید بحث پر وہ طیش میں آ کر دوسری جگہ سے مرغی لینے کی ہدایت کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ پورے شہر کی دکانوں پر شہریوں کو زبردستی چکن کا گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ پولٹری کے جو ریٹ جاری کرتی ہے اس میں واضح لکھا ہوتا ہے کہ زندہ مرغی گاہک کے سامنے ذبح کر کے دی جائے گی لیکن اس چیز پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا۔

شہریوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کی طرح ہزارہ میں بھی مرغی کے گوشت کے الگ سے ریٹ مقرر کئے جائیں تاکہ غریب شخص سرکاری ریٹ پر مرضی کے مطابق چکن خرید سکے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں