آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے عوام موجودہ حکمرانوں کی ملک دشمن پالیسیوں ،منافقانہ طرز عمل اور کرپشن سے عاجز آچکے ‘ آئندہ الیکشن کے نتائج کا سورج (ن) لیگ کی کامیابی کی نوید لے کر نکلے گا ‘پوری قوم کا مقدر بدل کر رکھ دیا جائے گا، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائد میاں محمد نوازشریف کی (ن) لیگی وفد سے بات چیت

ہفتہ 26 جنوری 2013 14:48

جنڈیالہ شیرخان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 26جنوری 2013ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائد میاں محمد نوازشریف نے کہاہے کہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے ملک کے عوام موجودہ حکمرانوں کی ملک دشمن پالیسیوں ،منافقانہ طرز عمل اور کرپشن سے عاجز آچکے ہیں، انشاء اللہ آئندہ الیکشن کے نتائج کا سورج مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی نوید لے کر نکلے گا جس سے پوری پاکستانی قوم کا مقدر بدل کر رکھ دیا جائے گا ۔

وہ گزشتہ روز رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ کے وفد جس کی قیادت حلقہ پی پی 167 کے امیدوار سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز مسلم لیگ تحصیل شیخوپورہ کے صدر حلقہ پی پی 166 کے امیدوار سیٹھ محمد حنیف نے کی سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ زرداری اور اس کے کرپشن زدہ ٹولے نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا بلکہ حکومت نے قوم کا نہ صرف مذاق اڑایا بلکہ عدلیہ کے فیصلوں کا بھی احترام نہ کیا، ملک مہنگائی ، بیروزگاری میں بے پناہ اضافہ کرنے غریبوں کے خون سے اپنے ہونٹوں کو سرخ کیا ، آج ملک کی حالت یہ ہے کہ نہ بجلی نہ سوئی گیس اور نہ پانی ہے اس کے باوجود عوام سے بھاری بل وصول کرکے اس کو پس کررکھ دیا ہے، نوازشریف نے کہا کہ باہر سے آکر جمہوریت کو سبوتاژ کرنے والے مداری بھی اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش نہ کرسکے ، پوری قوم نے یکسر متحد ہوکر اس سازش کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مسترد کرکے رکھ دیا ہے ہم نے جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے نگران سیٹ حکومت کے نام پیش کردیئے اس سلسلہ میں پی پی پی سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ نگران حکومت تشکیل دی جائے گی اس میں کسی احسان فراموش غیر ملکی ایجنٹ کی کوئی مرضی نہیں چلے گی اس کے غبارے سے عوام پہلے ہی ہوا نکال چکے ہیں میاں نوازشریف نے کہا کہ بلوچستان حکومت تحلیل کرکے گورنر راج کے ساتھ فوج کو تعینات کردیا جاتا تو وہاں کے حالات بہت بہتر ہوسکتے تھے ہم نے سندھ ، بلوچستان اور سرحد میں مختلف سیاسی اور علاقائی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے ان کو اعتماد میں لے لیا ہے بہت جلد اس کے دورس نتائج برآمد ہونگے، انہوں نے مسلم لیگی وفد سے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم پر تنقید کرنے والے حکومت اور اس کے نام نہاد اتحادی آمر پرویز مشرف کے ٹاؤٹ ہیں آئندہ انتخابات ان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہونگے کیونکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں اور عوام سے بے وفائی کرنے والے موقع پرستوں پر کبھی اعتماد نہیں کرتے گجراتی ٹولہ اپنی سیاسی موت مر چکا ہے میں بہت جلد پورے ملک میں جگہ جگہ قریہ قریہ جاکر عوامی جلسے کروں گا اور عوام کو بتاؤں گا اگر وہ اپنی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں تو پھر مہر سوچ سمجھ کر لگائیں کامیابی ان کا مقدر بنے گی تب ہی زرداری ، مداری اور گجراتی ٹولے کی کرپشن سے نجات مل سکے گی۔

(ہاشمی)

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں