وزیر اعظم عمران خان نے انڈیا کے عزائم کا بھرپور جواب دیکر پاکستانی عوام کے دل جیت لیئے ہیں‘

پوری پاکستانی قوم وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے‘ بھارت اچھی طرح جانتا ہے کہ پاکستانی فوج ہر لحاظ سے انکی فوج سے بہتر ہے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی میڈیا سے گفتگو

پیر 24 ستمبر 2018 23:51

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے انڈیا کے عزائم کا بھرپور جواب دیکر پاکستانی عوام کے دل جیت لیئے ہیں وہ ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے صحیح معنوں میں انڈیا کو للکارا‘ پوری پاکستانی قوم وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے‘ بھارت اچھی طرح جانتا ہے کہ پاکستانی فوج ہر لحاظ سے انکی فوج سے بہتر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس دلیری سے انڈیا کو جواب دیا یہی پاکستانی قوم چاہتی ہے‘ پاکستانی عوام خوش نصیب ہے کہ انہیں عمران خان کی صورت میں ایک دلیر لیڈر ملا ۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم نے کہا کہ پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہے ‘ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے منہ ٹوڑ جواب دینا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور دلیر قوم ہے دلیر لیڈر کی قیادت میں انڈیا پاکستان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دشمن کے عزائم نا کام بنانے کیلئے متحد ہے اور وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو با عزت قوم بنانے کیلئے کوشاں ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ہر کسی کی آنکھ میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ملک امین اسلم نے میڈیا کے حوالے سے قوم کی بہترین ترجمانی کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں