حکومت رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی معیاری اور سستے داموں فراہمی کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے،میجر طاہر صادق

ضلع اٹک میں قائم تحصیل سطح پر 6 سستے رمضان بازاروں کیلئے 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ناقص منصوبہ بندی اور عدم دلچسپی کے سبب ضلع اٹک کے عوام سستے رمضان بازاروں میں عام مارکیٹ سے مہنگی اور غیر معیاری اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں

ہفتہ 25 مئی 2019 22:49

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں عام آدمی کو رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی معیاری اور سستے داموں فراہمی کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ضلع اٹک میں قائم تحصیل سطح پر 6 سستے رمضان بازاروں کیلئے 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاہم ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی اور عدم دلچسپی کے سبب ضلع اٹک کے عوام سستے رمضان بازاروں میں عام مارکیٹ سے مہنگی اور غیر معیاری اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں اس سلسلہ میں مرکزی اور صوبائی حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کے سب سے بڑے سیاسی گروپ کے سربراہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے سستے رمضان بازار اٹک اور حسن ابدال کے دورہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رہنما میجر گروپ حاجی محمد اکرم خان ، سابق چیئرمین یونین کونسل سردار وسیم امتیاز ، سابق امیدوار چیئرمین یونین کونسل ملک عثمان ، رہنما میجر لورز فورس آفتاب احمد قریشی ، طاہر محمود مودی ، شیخ عبدالتنویر ، جواد کیانی ، جبران میر ، سہیل جعفری ، زاہد میر ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سرپرست اعلیٰ حاجی محمد فیضیاب خان کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنان اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سستے رمضان بازار کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں آئے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے صوبہ کے دور دراز علاقوں کے دورے کر رہے ہیں تاکہ عام آدمی حکومت کی اربوں روپے کی سبسڈی کے ثمرات سے مستفید ہو سکے تاہم اٹک میں ضلعی اور تحصیل انتظامیہ مناسب منصوبہ بندی اور حکمت عملی ترتیب نہ دے سکی جس کے سبب سستے رمضان بازار ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں اور یہاں کے ریٹ انتظامیہ افسران کے دوروں کے دوران کم اور بعدازاں بعض تاجر من مانے ریٹ وصول کرتے ہیں ضلعی انتظامیہ کی رٹ نہ ہونے کے سبب گراں فروشوں کی چاندی ہو رہی ہے انہیں آئے روز عوامی شکایات ملتی ہیں جس کے سبب انہوں نے یہ دورہ رکھا ہے بعض اہلکار حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں چینی کی عدم دستیابی اور سستے رمضان بازار اٹک میں ملحقہ گلیاں جہاں تجارتی سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں کی بندش سے بھی وہاں کے تاجر متاثر ہو رہے ہیں تاہم انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ سکیورٹی کے حوالہ سے 3 مقامات سے راستے رکھے گئے ہیں اس سلسلہ میں وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کریں گے ضلعی انتظامیہ کے بعض افسران صرف فوٹو سیشن کیلئے سستے رمضان بازاروں کے دورے کرتے ہیں نالائق اور نا اہل ایڈمنسٹریشن رکھنے والے افسران کو عوام کے حقوق سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بیرون ملک کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تاجر بھی رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کے نرخ کم کر دیتے ہیں تاہم پاکستان میں اس ماہ مقدس کو سال بھر کے منافع کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جو شرعی اور اخلاقی لحاظ سے درست نہیں اس موقع پر جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن لیاقت عمر نے بتایا کہ سستا رمضان بازار میں ٹماٹر کا نرخ 30 روپے ہونے کے باوجود 50 روپے کلو ٹماٹر لیے ہیں جن کا ریٹ اب 35 روپے دورے کی وجہ سے کر دیا گیا ہے ، سبزی اور فروٹ فروخت کرنے والے تاجروں نے بھی رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کو اپنے مطالبات میں ضلعی انتظامیہ اٹک کی من مانی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی میں مہنگی سبزی اور فروٹ خریدنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ انہیں سستے داموں یہ اشیاء فروخت کرنے کے احکامات جاری کرتی ہے جس کے سبب سبزی فروٹ فروخت کرنے والے اکثر تاجر ہزاروں اور لاکھوں روپے کے مقروض ہو چکے ہیں ۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں