ماہ مبارک میں سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی،حافظ نصراللہ عزیز

سستا بازار سمیت تمام حکومتی دعوے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف،نائب امیرجماعت اسلامی سندھ

اتوار 26 مارچ 2023 19:35

کراچی/بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2023ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو گئی سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام سے منہ سے نوالہ بھی چھینا جارہا ہے، ایک طرف مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا تو دوسری جانب ماہ مبارک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے سحری اور افطاری کی خوشی بھی چھین لی ہے، حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے آئی ایم ایف کے مطالبات اور شرائط تسلیم کرکے عوام کے نام پر لیئے گئے قرضے بھی ہڑپ کرجاتے ہیں جبکہ ہر مرتبہ آئی ایم ایف سے پیکج کی منظوری کے بعد عوام مہنگائی ،بیروزگاری اور بھوک وافلاس کا شکار ہوجاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انڈس میرج لان میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ بدین سمیت سندھ بھر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی بچت بازاریں اور اسٹالوں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا ہے، آٹا چینی کی عدم دستیابی کے علاوہ دیگر اشیاء مہنگی اور کہیں تو بلکل ناپید ہیں حکومت رمضان کے مبارک مہینے میں بھی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے محض نمائشی اقدامات اور میڈیا کے ذریعے اپنی پبلسٹی میں مصروف جبکہ عوام کو بے رحم ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بازاروں میں آٹا، چینی، پھل اور سبزیوں کی عدم دستیابی کے باعث عوام نے منڈی جانا بند کر دیا، چینی اور پھل اور سبزیاں سستے داموں نہ ملنے سے لوگوں نے سستے بازاروں میں جانا چھوڑ دیا، نام نہاد بچت بازار عام بازار جانے والے غریب عوام کے ساتھ مذاق ہے۔حکومت کی جانب سے سستے آٹے کی فراہمی میں ناکامی کے بعد بازاروں سے سبسڈی، آٹا غائب، چینی بھی بازاروں میں دستیاب نہیں جبکہ پھلوں اور سبزیوں کے سٹال بھی نہیں لگائے گئے، جو سامان رکھا گیا ہے وہ کم معیار کا ہے اور بازار سے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ضلعی نائب امیر اللہ بچایو ہالیپوتہ،بدین کے امیر فتح خان کھوسہ ،محمد موسیٰٰ ملاح،عبداللطیف کھوسہ ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں