ایس ایس پی بدین نے سینئر صحافی عطا محمد چانڈیو کے بھائی قتل پر انکوائری کیلئے تفتیشی ٹیم کی تشکیل دیدی

اتوار 25 فروری 2024 19:55

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2024ء) ایس ایس پی بدین میر روحل کھوسو نے سینئر صحافی عطا محمد چانڈیو کے بھائی جانی چانڈیو کے مبینہ قتل پر اظہارافسوس کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری کے لئے ڈی ایس پی ماتلی غلام فرید جٹ کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم کی تشکیل دے دی ہے جبکہ انہوں نے جلد انکوائری مکمل کر کے انصاف کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

ایس ایس پی بدین میر روحل کھوسو نے گوٹھ غلام قادر چانڈیو پہنچ کر بدین پریس کلب کے سینئرصحافی عطا محمد چانڈیو اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما حاجی علی مراد چانڈیو کے مبینہ قتل ہونے والے بھائی جان محمد عرف جانی چانڈیو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی بدین روحل کھوسو نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ افسوسناک واقعے کی صاف اور شفاف انکوائری کرائی جائے گی اور انصاف کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لواحقین کے علاوہ موقع پر موجود سینئر صحافیوں ایچ یو جے کے سینئر نائب صدر شوکت میمن ، بدین پریس کلب کے صدر تنویر احمد آرائیں اور ایوان صحافت بدین کے صدر ہارون گوپانگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جیوفنیسنگ بھی کرائی گئی ہے جبکہ ڈی ایس پی ماتلی غلام فرید جٹ کی سربراہی میں سینئر پولیس افسرزایس ایچ او بدین سب انسپکٹر محمد علی کھوکھر، ایس ایچ او تھانہ کڑیو انسپکٹر اعجاز علی سومرو اور سی آئی اے انچارج انسپکٹر فیاض حسین ڈاہری پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دے کر انکوائری جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انکوائری ٹیم واقعے کا جائزہ لے گی ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش مکمل کر کے حقائق سامنے لائے جائیں گے اور مرحوم کے لواحقین کا اعتماد حاصل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بدین پریس کلب کے سینئر صحافی اور ایچ یو جے بدین ضلع کے صدر عطا چانڈیو کے بھائی جان محمد عرف جانی چانڈیو کے قاتلوں کا پتہ لگانے اور گرفتار کرنے میں ناکامی پولیس کی تفتیشی عمل میں عدم دلچسپی اور کئی روز گزر جانے کے باوجود کوئی تسلی بخش پیش رفت نہ ہونے کے خلاف بدین پریس کلب میں حیدر آباد یونین آف جرنلسٹس بدین پریس کلب اور ایوان صحافت بدین کا مشترکہ اجلاس میں صحافیوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی سست روی اور عدم دلچسپی پر احتجاج کا اعلان کیا تھا جس پر ایس ایس پی بدین نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی ٹیم کی تشکیل اور جلد انکوائری مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں