پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر فلاپ ہوگئی ہے،سید ذیشان اختر

وزیراعظم اور انکی ٹیم ملک کے داخلی اور خارجی محاذوں پر کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دے سکی مہنگائی کے طوفان کو قابو کرنا حکومت کے بس میں ہی نہیں رہا، مری واقعہ حکمرانوں کی نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:03

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر فلاپ ہوگئی ہے۔وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک کے داخلی اور خارجی محاذوں پر کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دے سکی۔ مہنگائی کے طوفان کو قابو کرنا حکومت کے بس میں ہی نہیں رہا۔ مری واقعہ حکمرانوں کی نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے۔

ثابت ہوگیا پی ٹی آئی غیر سنجیدہ اور مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کردیا۔ اربوں ڈالر کا قرضہ لینے والوںاور غیور قوم کو استعماری طاقتوں کے ہاتھوں فروخت کرنے والی ظالم اشرافیہ کو اپنے کیے کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔ حکومت نے خود تسلیم کرلیا کہ امریکہ کے غلام ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے وسائل کو غریبوں پر خرچ کیا جاتا اور حکمران اپنی عیاشیاں بند کردیتے تو آج ملکی معیشت پٹڑی پر چڑھ چکی ہوتی۔

پاکستان امریکا کی غلامی کے لیے نہیں، اسلام کے نفاذ کے لیے بنا۔ 73برسوں میں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ فوجی ڈکٹیٹروں اور نام نہاد جمہوری حکومتوں نے قوم کے ارمانوں کا خون کیا۔ پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کے نام پر لوگوں کو دھوکا دیا۔ سابقہ اور موجود حکمران سبھی مسائل کی وجہ ہیں۔ ہمیں مل کر پرامن جمہوری طریقہ اپنا کر سٹیٹس کو سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

جماعت اسلامی فرسودہ نظام سے لڑ رہی ہے۔ ہماری لڑائی کسی فرد یا گروہ سے نہیں، ہم ملک میں اسلامی نظام کی بات کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی معنوں میں قرآن و سنت کا پاکستان بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات متحد ہوکر اسلامی جمہوری پاکستان کے لیے جدوجہد کریں اور آزمائے ہوئے لوگوں کو ووٹ کی طاقت سے گھر بھیجیں۔ صالح اور ایماندار قیادت ہی کشتی کو بھنور سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں انتظام و ایمانداری کی اعلی مثالیں قائم کیں۔ قوم ہم پر اعتماد کرے۔ جماعت اسلامی انسانوں کی دنیاوی و اخروی فلاح چاہتی ہے۔ ہم خوشحال فلاحی اسلامی پاکستان بنا کر دم لیں گے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں