قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند اور خیبر کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات

خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے لئے حکومت پاکستان اور سیکیورٹی فورسز مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں تاکہ ان نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا سکے اور یہ مختلف شعبوں میں کام کرکے باعزت روزگار حاصل کر سکیں

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 11 مئی 2022 13:24

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2022ء) خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے لئے حکومت پاکستان اور سیکیورٹی فورسز مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں تاکہ ان نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا سکے اور یہ مختلف شعبوں میں کام کرکے باعزت روزگار حاصل کر سکیں.
 قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند اور خیبر میں حکومت خیبر پختونخواہ, ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبر پختونخواہ, انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبر پختونخواہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں
  ان اضلاع میں 2021 اور 2022  میں یوتھ ٹیکنیکل ٹریننگ پروگرام کے ذریعے اب تک 500 نوجوان ڈیجیٹل سکلز کی تربیت حاصل کر چکے ہیں. جبکہ خیبر پختونخواہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ان اضلاع میں آئی ٹی لیبز کا قیام بھی عمل میں لا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ڈیجیٹل ٹریننگ حاصل کر سکیں.
فرنٹیرکور نارتھ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبر پختونخواہ کے باہمی اشتراک سے 300 نوجوانوں کو ہیوی مشینری بشمول بلڈوزر اور کھدائی کرنے والی کرینز چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے.
 ضلع باجوڑ، خیبر اور مہمند میں 1800 سے زائد  طلباء مائننگ ٹکینالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سول، الیکٹریکل اور مکینکل انجنیئرنگ میں تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجنیئرنگ حاصل کررہے ہیں۔

اسکے علاوہ مختصر دورانیہ کے شارٹ کورسز کے ذریعے پلمبرنگ، الیکٹریشن، سولر پینل مکینک، موٹر سائیکل مکینک، موبائل رپیئرنگ، ٹیکسٹائل ڈیراننگ وغیرہ کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے.
ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ قبائلی اضلاع باجوڑ, مہمند اور خیبر کی نوجوان خواتین کو مختلف سکلز ڈویلپمنٹ پروگرامز اور تربیتی کورسز کا انعقاد کر رہی ہے. اب تک 139 نوجوان خواتین  ڈریس ڈیزائننگ، کمپیوٹر آپریٹر، آفس مینجمنٹ میں ڈپلومہ کے ساتھ ساتھ سلائی، کڑھائی، کوکنگ اور بیوٹیشن کے کورسز مکمل کر چکی ہیں.
قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف کی خصوصی ہدایات پر پاک فوج کی مختلف آسامیوں پر تینوں اضلاع کے 500 سے زائد نوجوانوں کی بھرتی کا عمل جاری ہے.
 اس کے علاوہ فرنٹیئر کور نارتھ میں 2558 آسامیوں پر 1050سے زائد نوجوان رجسٹر ہوچکے ہیں اور ان کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔


 فرنٹیئر کور نارتھ کی بھرتی میں نارتھ اور ساوتھ وزیرستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور عمر میں خاص رعایت دی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ ان تینوں اضلاع کے 750 نوجوان خیبر پختونواہ پولیس میں مختلف vacancies کے ذریعے بھرتی کئے جا رہے ہیں. 
حکومت پاکستان، فرنٹیرکور نارتھ اور دیگر ادارے قبائلی نوجوانوں کو ہنرمند اور باروزگار بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں جس کی بدولت ان علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں