باجوڑ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 5 اہلکار شہید‘ 10 زخمی

دھماکے میں پولیو ٹیم کی سیکورٹی پرجانے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا‘ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 جنوری 2024 10:29

باجوڑ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 5 اہلکار شہید‘ 10 زخمی
باجوڑ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جنوری 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پرجانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 اہلکار شہید 10زخمی ہوگئے، دھماکہ باجوڑ کے علاقے تحصیل ماموند بیلوٹ کے علاقے میں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکارپولیو ٹیم کی سیکورٹی کیلئے جارہے تھے کہ ان کی گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوںاور لاشوں کو خار ہسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد خار کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا، فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہے اور حالیہ چند دنوں میں دہشتگردی کے واقعات دوبارہ سے شروع ہوگئے ہیں، گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے پارا چنار میں نامعلوم افراد نے مسافر گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس سے خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے، نامعلوم افراد نے پارا چنار سے پشاور جانے والی ایک کار اور ایک فلائنگ کوچ کو نشانہ بنایا تھا، مسافر گاڑی پارا چنار سے کوہاٹ جارہی تھی۔

یہ بھی بتایا گیا کہ پاراچنار میں مسافر بس پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، گزشتہ ہفتے 30 دسمبر 2023 کو بھی پاراچنار کے قریب صدہ بازار میں پشاور جانے والی وین پر ملزمان نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک مسافر زخمی ہو گیا تھا، جب کہ اسی طرح ہنگو کے قریب پاراچنار جانے والی بس پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں