باجوڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن‘ 4 دہشت گرد جہنم واصل‘ 1 جوان شہید

دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل بالخصوص خودکش دھماکوں میں سرگرم رہے‘ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ سمیت اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اگست 2023 13:51

باجوڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن‘ 4 دہشت گرد جہنم واصل‘ 1 جوان شہید
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اگست 2023ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے باجوڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 اگست2023ء کی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل بالخصوص خودکش دھماکوں میں سرگرم رہے، دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ سمیت اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے معلوم ہوا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے رہائشی 24 سالہ سپاہی محمد شعیب نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ادھر صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، جہاں سکیورٹی فورسز کی جانب سے گوادر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے نتیجے میں آپریشن کیا گیا، اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جب کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے آپریشن کا سلسلہ ابھی جاری ہے، جہاں علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں