باجوڑ میں جے یو آئی امیدوار کی گاڑی کے قریب بم دھماکا

دھماکے میں جے یو آئی کے رہنما قاری خیراللہ محفوظ رہے، پولیس نے علاقے میں سرچ اۤپریشن شروع کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 3 جنوری 2024 23:43

باجوڑ میں جے یو آئی امیدوار کی گاڑی کے قریب بم دھماکا
باجوڑ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جنوری 2024ء) باجوڑ میں جے یو آئی امیدوار کی گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا، دھماکے میں جے یو آئی رہنما محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کاشف ذوالفقار کے مطابق بدھ کو تحصیل ماموند کے علاقہ برکمر میں جے یو آئی کے امیدوار پی کے 19 قاری خیر اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ اپنی گاڑی میں اپنے گھرواقع زگئی جارہے تھے ۔

وہ دھماکہ میں محفوظ رہے۔ بم دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیکن گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملہ ہوا تھا۔ ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کا واقعہ یارک انٹرچینج پر اس وقت پیش آیا، جب مولانا فضل الرحمان اپنے بیٹے مولانا اسجد کے ولیمے میں جا رہے تھے۔

مولانا فضل الرحمان کے ترجمان مفتی ابرار نے دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بڑے قافلےکے ساتھ اپنے بیٹے مولانا اسجد کے ولیمے میں جارہے تھےکہ یارک انٹرچینج پر قافلے پر حملہ کیا گیا۔ ترجمان مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قافلے پر دو اطراف سے فائرنگ کی گئی۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں