باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکا، مقامی امیر سمیت 40 سے زائد افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان اور تحصیل ناواگئی کے جنرل سیکرٹری حمیداللہ حقانی بھی شامل ہیں۔

اتوار 30 جولائی 2023 18:20

باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکا، مقامی امیر سمیت 40 سے زائد افراد جاں بحق
باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2023ء) باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکا، مقامی امیر سمیت 40 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان اور تحصیل ناواگئی کے جنرل سیکرٹری حمیداللہ حقانی بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایاکہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں 40 سے زائد افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ دھماکے میں 150سےزائد زخمی ہوِئے ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر سے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

رسکیو 1122 باجوڑ کے مطابق اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی 5 ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ نے باجوڑ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا کا کہنا تھاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹےکیےجارہےہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ناصر ستی نے بھی بتایاکہ باجوڑ دھماکہ خودکش لگتا ہے، تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا کے ترجمان عبدالجلیل جان نے بتایاکہ ورکرز کنونشن میں 4 بجے کے قریب مولانا لائق کی تقریرکے دوران دھماکا ہوا۔ انہوں نے بتایاکہ ایم این اے مولانا جمال الدین اورسینیٹر عبدالرشید بھی کنونشن میں موجود تھے جبکہ تحصیل خار کے امیرمولانا ضیاء اللہ دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں