باجوڑ میں زور دار دھماکے کی اطلاعات

دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے‘ ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 نومبر 2023 12:59

باجوڑ میں زور دار دھماکے کی اطلاعات
باجوڑ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر 2023ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے پیشتو میں زور دار دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور یہ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کے نتیجے میں گاڑی کے پرخچے اڑ گئے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حال ہی میں باجوڑ میں ہی جے یو آئی کے ورکر کنونشن میں بھی دھماکہ ہوا جس میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے بعد ازاں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 63 ہوگئی، دھماکے بعد 43لاشیں خار اسپتال لائی گئیں، ایک شدید زخمی شخص نے ایل آر ایچ پشاور، چار نے سی ایم ایچ پشاور اور دو نے تیمرگرہ اسپتال میں دم توڑا، 13 لاشوں کو ورثا لے گئے تھے تاہم تین ناقابلِ شناخت لاشوں کی تدفین امانتاَ کی گئی جب کہ باجوڑ دھماکے میں 123 افراد زخمی ہوئے جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں باجوڑ میں خودکش دھماکا کرنے والے حملہ آور کی تصویر پولیس نے حاصل کرلی، باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی، امریکا اور افغانستان نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ باجوڑ میں خود کش حملہ کرنے والے بمبار کی تصویر حاصل کر لی ہے، خودکش حملہ آور جے یو آئی (ف) کے کنونشن میں کرسی پر بیٹھا رہا، کنونشن میں حملہ آور نے بارودی مواد کمر سے باندھ رکھا تھا، تصویر میں حملہ آور کو بارودی مواد پر ہاتھ رکھے دیکھا گیا، خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے پتا چلا، تاہم سکیورٹی وجوہات اور کیس کی تفتیش کی وجہ سے تصویر جاری نہیں کی گئی۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں