ملک کا وہ حلقہ جہاں پہلی مرتبہ ایک خاتون بھی الیکشن لڑے گی

صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں پہلی بار کسی خاتون نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے

muhammad ali محمد علی پیر 25 دسمبر 2023 22:10

ملک کا وہ حلقہ جہاں پہلی مرتبہ ایک خاتون بھی الیکشن لڑے گی
باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 دسمبر2023ء) ملک کا وہ حلقہ جہاں پہلی مرتبہ ایک خاتون بھی الیکشن لڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں پہلی بار کسی خاتون نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والی سلطنت بی بی نے صوبائی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ اس حوالے سے سلطنت بی بی کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں خواتین کیلئے تعلیمی ، صحت ، روزگار ودیگر مواقع پیدا کرنے کے جذبہ سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں، اگر کامیابی ملی تو خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کروں گی۔

دوسری جانب الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ آئندہ عام انتخابات 2024 ء کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر کل 28 ہزار 626 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی 266 عمومی نشستوں پر 7 ہزار 713 امیدوار جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی 70 نشستوں پر 609 امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی جنرل 593 نشستوں پر 18 ہزار 546 امیدواروں اور 156 صوبائی مخصوص نشستوں پر 2 ہزار 367 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں پر 7 ہزار 242 مرد اور 471 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں۔ اسی طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 593 نشستوں پر 17 ہزار 744 مرد اور 802 خواتین میدان میں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستوں پر 8 ہزار 592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات جمع کرائے، سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 4 ہزار 60 مرد اور 205 خواتین امیدوار سامنے آئی ہیں، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 جنرل نشستوں پر 3 ہزار 349 مرد اور 115 خواتین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 1743 مرد اور 45 خواتین امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں پر 459 جبکہ 10 مخصوص نشستوں پر 150 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ پنجاب میں خواتین کی 66 نشستوں پر 601 اور اقلیتوں کی 8 نشستوں پر 127 امیدوار سامنے آئے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص 29 نشستوں پر 309 اور اقلیتوں کی مختص 9 نشستوں پر 125 امیدوار سامنے آگئے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی خواتین کی 26 مخصوص نشستوں پر 321 جبکہ اقلتیوں کی مخصوص 4 نشستوں پر 74 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی 11 مختص نشستوں پر 134 جبکہ غیر مسلموں کی 3 مختص نشستوں پر 67 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ اس طرح ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 1085 نشستوں پر 28 ہزار 626 امیدوار میدان میں آگئے۔ امیدواروں کی طرف سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل پیر سے شروع ہوگیا جبکہ 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں