سکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، دہشت گرد کمانڈر کارندوں سمیت ہلاک

دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے‘ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 جون 2023 16:56

سکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، دہشت گرد کمانڈر کارندوں سمیت ہلاک
باجوڑ ایجنسی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جون 2023ء ) باجوڑ کےعلاقے عنایت قلعہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کےعلاقے عنایت قلعہ میں آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں کے اہم کمانڈ سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں دہشت گردوں کا کمانڈرشفیع بھی شامل ہے جب کہ یہ تینوں دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا۔

ادھر عیدالاضحی کے موقع پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، جس کے لیے پولیس، سی ٹی ڈی اور بی ڈی ایس نے ملاکنڈ بارڈر پر کامیاب مشترکہ سرچ آپریشن کیا اس دوران ملزمان کے قبضے سے 5 خود کش جیکٹ، 19ریموٹ کنڑول و دستی بم اور 3 ایس ایم جی برآمد کرلی گئیں، اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے 30ہائی ایکپلوسیو بارود، 5واکی ٹاکی، 16 ایس ایم جی میگزین اور سینکڑوں کارتوس قبضے میں لے لیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی اوضیاء الدین نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد عیدالاضحیٰ کے موقع پر دہشت گردی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جسے ناکام بنادیا گیا، دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے ضلع میں سرچ آپریشن جاری ہے، دہشت گردوں کیخلاف کی جانے والی کارروائی کے دوران دوائیں، کپڑے، بیگز، چارجر، موبائل فونز،خوراک سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

چند روز قبل شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے، شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہوئے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ گولہ باردو برآمد کر لیا گیا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں