کمشنر بنوں عادل صدیق کا کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کیلئے نامزد عمارتوں کادورہ

جمعرات 26 مارچ 2020 23:44

بنوں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) کمشنر بنوں ڈویژن عادل صدیق نے پاک فوج کے بریگیڈ ئیر وقاص ظفر راجہ کے ہمراہ کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کیلئے نامزد عمارتوںکا دورہ کیا دورے کے دوران کمشنر بنوں ڈویژن عادل صدیق اور بریگیڈیئروقاص ظفر راجہ نے خلیفہ گلنواز ہسپتال میں قائم آئسولیشن وارڈ زکا معائنہ کیا جہاں سہولیات اور دیگر ضروری طبی اور حفاظتی آلات بارے ہسپتال انتظامیہ سے بات چیت کی ۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس ایک متعدی بیماری ہے ابھی تک اس کا کوئی مستقل علاج دریافت نہیں ہوا ہے لیکن گھبرانے کی کوئی بات نہیں احتیاط ہی اس کا بہترین علاج ہے اس سے متاثرہ 95سے 97فیصد مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر بنوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ گھروں سے باہر نہ نکلے، ہجوم کے پاس جانے، پانچ سے زیادہ افراد کے مجمع اکٹھا کرنے، تقاریب میں شرکت ، ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہونے سے پرہیز کریںاورملاقات کرنے والے سے کم ازاکم ایک میٹر کا فاصلہ اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کمشنر بنوں اورپاک آرمی کے بریگیڈیئر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بنوں میں کورونا وائرس کا کوئی مریض رجسٹرڈ نہیںصرف دو مریضوں کا ٹیسٹ پشاور بھیجا ہے جس کے ابھی تک رزلٹ نہیں آئے، تاہم اگر کوئی کنفرم مریض سامنے آتا ہے تو ان کیلئے بھی حکمت عملی تیا ر کی ہے، جس ویلج کونسل یا نیبر ہوڈ کونسل سے کرونا کا کیس سامنے آتا ہے اس ویلج یا نیبر ہوڈ کونسل کو سیل کیا جائیگا تاکہ وائرس کے پھیلائو پر قابو پایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے خلیفہ گل نواز ہسپتال میں 300آئسولیشن وارڈز اور150سے زیادہ قرنطین کیلئے بیڈز تیا ر کئے ہیں تاکہ بووقت ضرورت ہمارے پاس جگہ کی کمی نہ ہو۔ اس موقع پربنوں میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حسین نے کہا کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔ کرونا وائرس کو قومی چیلنج سمجھ کر اپنی تما م تر توانیاںبروئے کارلائیںگے۔ یاد رہے کہ ضلع بھر میں کرونا سے متعلق اقدامات کیلئے ضلعی سرویلنس کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں انتظامیہ ، پولیس،صحت، ٹی ایم ایز اور دیگر محکمے اجتماعی طور پر کاروائی کرینگے۔

بنوں میں شائع ہونے والی مزید خبریں