خیبرپختونخواہ اسمبلی کا پہلا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، تحریک انصاف نے میدان مار لیا

پی کے 35 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تاج محمد نے فتح اپنے نام کر لی

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 فروری 2024 01:51

خیبرپختونخواہ اسمبلی کا پہلا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، تحریک انصاف نے میدان مار لیا
بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 فروری 2024ء) خیبرپختونخواہ اسمبلی کا پہلا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ، تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی کے کسی بھی حلقے کا پہلا مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آ گیا۔ پی کے 35 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تاج محمد نے 20 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی۔

ان کے مدمقابل جے یو آئی ف کے امیدوار 11 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کو 132 قومی اسمبلی نشستیں ملنے کا دعوٰی کر دیا گیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں ترجمان تحریک انصاف روف حسن نے دعوٰی کیا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے 132 نشستوں پر برتری حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

روف حسن کے مطابق جتنے بھی آزاد امیدوار جیت رہے ہیں وہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ہیں، عوام بولے ہیں اور بتا دیا کہ ان کا اعتماد عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، پچھلے 2 گھنٹوں سے نتائج سست رفتاری کا شکار ہیں، الیکشن کمیشن کو خبردار کرتے ہیں نتائج میں کوئی گڑبڑ ہوئی تو ہم اور عوام اسے برداشت نہیں کریں گے۔

دوسری جانب ن لیگ کی فتح کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی شہزاد اقبال نے انکشاف کیا کہ قائد ن لیگ نواز شریف کی الیکشن وکٹری اسپیچ کا پلان منسوخ ہو گیا، ن لیگی قیادت مایوس ہو کر ماڈل ٹاون کے مرکزی دفتر سے واپس چلے گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کی تمام قیادت جمعرات کی شام سے ماڈل ٹاون میں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں موجود تھی، نواز شریف نے فتح کی تقریر بھی تیار کر لی تھی، تاہم پھر جیسے نتائج سامنے آئے اس کے بعد ن لیگ کی تمام قیادت انتہائی مایوسی کی کیفیت میں مرکزی سیکرٹری سے روانہ ہو گئی۔

جبکہ واضح رہے کہ جیو نیوز کے مطابق لاہور، کراچی، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے الیکشن نتائج کا اجراء رک گیا، آر اوز نے نتائج جاری کرنا روک دیے، آر اوز تک رسائی اور رابطہ بھی نہ ہو پانے کا انکشاف، صحافیوں کو آر اوز دفاتر تک جانے سے روک دیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے آر اوز کو الیکشن نتائج جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ صحافیوں کو آر اوز دفاتر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے، صحافیوں کو آر اوز دفاتر کے قریب بھی نہیں آنے دیا جا رہا۔ جیو نیوز کے مطابق آر اوز کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ اب تمام حلقوں کے نتائج خود الیکشن کمیشن ہی جاری کرے گا، اس لیے صحافی جانیں اور الیکشن کمیشن۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں