حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، وزیر مملکت میر محمد ہاشم نوتیزئی

جمعہ 6 مئی 2022 15:04

حکومت کھیلوں کے  فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، وزیر مملکت   میر محمد ہاشم نوتیزئی
چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2022ء) وزیر مملکت برائے توانائی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی فٹسال گراؤنڈ میں آل رمضان فٹبال ٹورنامنٹ 2022ء کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خاران ڈاکٹرخدارحیم میروانی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق ضلعی صدر وسابق تحصیل ناظم میر حاجی میر محمدجمعہ کبدانی، اسپورٹس آفیسر حبیب الرحمن کبدانی بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت میر محمدہاشم نوتیزئی نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان نسل تباہی اور منشیات سے بچ سکتی ہے، ہماری حکومت اسپورٹس کے میدان آباد کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈنگ مہیا کرے گی اور نوجوانوں کو سپورٹس کیلئے ہر سال مواقع فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب خاران میں رخشان ڈویژن اسپورٹس فیسٹول کا انعقاد کیا جائےگا جس کیلئے انہوں نے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کمیٹی کیلئے الگ سے نقد 30 ہزار روپے کا بھی اعلان کیا اور اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے اسکولوں ، کالجوں اور ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تنظیموں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو کھیل کی ترقی کے لئے آگے آنا چاہئے کیونکہ کھیل اور صحت کا آپس میں گہرا تعلق ہے، کھیلوں کے میدان ویران ہوجائیں اور جسمانی سرگرمیاں محدود ہوجائیں تو اسپتال آباد ہوتے جائیں گے، صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع نہیں ہوں گے تو نوجوانوں میں تخریبی رجحانات پیدا ہوں گے، بدقسمتی سے کسی بھی سیاسی پارٹی کے ایجنڈے میں اسپورٹس شامل ہی نہیں ہے اور بی این پی نے اپنی پالیسی میں عوامی فلاح و بہبود تعلیم ، صحت اور کھیلوں کی سرپرستی کو اولین ترجیح دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی خدمت کی تعمیری سیاست کرنا چاہتی ہے جس سے عوام کے ہر شعبہ ہائے زندگی میں مثبت تبدیلی آئے، بی این پی کو جب بھی موقع ملا ہے ہم نے دیگر شعبوں کی طرح اسپورٹس کے شعبے میں بھرپور کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے عوام کو تعلیم وصحت کی فراہمی ریاست اور حکومت کی ذمے داری ہے۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں