مساجد اللہ کی عظمت بیان کرنے کیلئے ہیں،دنیا کے امور پر بحث کرنے کیلئے نہیں،مولانا محمد اکرم اعوان

عبادات خالص اللہ کیلئے ہیں سجدہ صرف اُ س کی ذات کیلئے ہے اس میں کسی کو شریک نہیں کیا جاسکتا، اجتماع سے خطاب

جمعہ 29 ستمبر 2017 17:11

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2017ء) تنظیم الاخوان کے سربراہ مولانا محمد اکرم اعوان نے کہا ہے کہ عدل کرنے والا حشر میں اللہ کریم کے زیر سایہ ہو گا،مساجد اللہ کی عظمت بیان کرنے کے لیے ہیں ۔دنیا کے امور پر بحث کرنے کے لیے نہیں۔عبادات خالص اللہ کے لیے ہیں سجدہ صرف اُ س کی ذات کیلئے ہے اس میں کسی کو شریک نہیں کیا جاسکتا ۔

باقی ساری اس کی مخلوق ہے وہ اکیلا زمین و آسمان کاخالق ہے ۔وہ دارالعرفان منارہ میں روحانی اجتماع سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ اس وقت کو غنیمت جاننا چاہیے جو اس دنیا میں نصیب ہے اسی دنیا میں آخرت کی تعمیر ہونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ بڑے کریم ہیں چھوٹی چھوٹی باتوں پر جنت بانٹ رہے ہیں ۔عبادات کے ساتھ جتنے امور وابستہ ہیں سب کا الگ سے بھی ثواب ملتا ہے ۔

(جاری ہے)

اللہ کریم سے حلال اور پاک رزق مانگنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ حکومت ان کو اللہ کے طرف سے عطا کی گئی ہے یہ نائب ہیں اللہ کریم کے اس زمین پر تو اللہ کے احکامات کے مطابق اپنے آئین اور قوانین بنائیں ۔عدل بھی وہ ہے جو اللہ کے حکم کے مطابق کیا جائے اگر اس سے باہر ہے تو وہ عدل کے نا م پر ظلم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدل کرنے والا حشر میں اللہ کے سائے میں ہو گا۔اللہ کریم ہمیں بھی ایک عادل حکمران عطا فرمائیں تا کہ وطن عزیز بھی اسلامی ریا ست بن سکے ۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی ۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں