چکوال، ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے پمفلٹ تقسیم

بدھ 16 جنوری 2019 17:40

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ڈی پی او چکوال عادل میمن نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ ٹریفک قوانین کی آگاہی اور عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے چکوال شہر میں آپ کے تحفظ کے ضامن چکوال پولیس کے حوالے سے پمفلٹ تقسیم کیے اور بھون چوک سے سڑک کے دونوں اطراف کھڑی گاڑیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکے چالان مرتب کرائے۔ڈی پی او چکوال نے میڈیا کو بتایا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کا فرض ہے اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا بھی بڑا جرم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ کرنے سے باز رکھیں۔اور ڈرائیونگ میں تیز رفتاری خطرہ جان ہے۔ڈرائیونگ کرتے وقت منشیات کا استعمال اور گاڑیوں پر اوور لوڈنگ سے اجتناب کیا جائے۔

(جاری ہے)

بغیر رجسٹریشن اور کم عمری کی ڈرائیونگ ایک بڑا جرم ہے۔بغیر نمبر پلیٹ کے موٹرسائیکل یا گاڑی کو روڈ پر نہیں لانا چاہیے۔سڑک پر چلنے والے ایمبولینس،فائر برگیڈ اور 1122کی گاڑیوں کو فوری راستہ دیں۔کسی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں ٹریفک روانی کو برقرار رکھے اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ڈی پی او نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں