چمن پرلت لاکھوں انسانوں کے روزگار ومعاش کا مسئلہ ہے ، یہ اہم مسئلہ حل طلب ہے لیکن حکمرانوں کی غیر سنجیدگی قابل افسوس اور قابل گرفت ہے ،ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صلاح الدین اچکزئی

ہفتہ 30 دسمبر 2023 21:55

چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2023ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ چمن پرلت لاکھوں انسانوں کے روزگار ومعاش کا مسئلہ ہے ، یہ اہم مسئلہ حل طلب ہے لیکن حکمرانوں کی غیر سنجیدگی قابل افسوس اور قابل گرفت ہے ، چمن پرلت میں شامل لاکھوں لوگ اپنے جائز مطالبات کیلئے پرامن دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور اس دھرنے کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہوگی ۔

پشتونخوامیپ روز اول سے چمن پرلت کے ساتھ کھڑی ہے اورانکے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور آج بھی مطالبہ کرتی ہے کہ بلاتاخیر چمن پرلت کے مطالبات کو تسلیم کیئے جائے ، انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کارکن بھرپور انتخابی مہم چلائیں ، چمن کے عوام کو ایسے نمائندوں کی ضرورت ہے جو ان کی بھرپور ترجمانی کرسکے اور پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ اپنے عوام کی ہر فورم پر بھرپور ترجمانی کی ہے ۔

(جاری ہے)

ووٹ پر پہلاحق ہے اُس کا ہے جس نے عوام کو ووٹ کا حق دلایا ،عوام کو اپنا قیمتی ووٹ اپنے حقیقی نمائندوں کے حق میں استعمال کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صلاح الدین اچکزئی ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، ضلعی سینئر معاون سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی ، ظریف اچکزئی نے چمن ضلع کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ضلع چمن کے ضلعی کمیٹی کا اجلاس ضلع سیکرٹری صحبت خان اچکزئی کی صدارت میں منعقدہوا ۔ اجلاس میں گزشتہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں انتخابات کی تیاری ، تنظیمی فعالیت دوبالا کرنے ، چمن پرلت ایجنڈے میں شامل کیئے گئے اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں انتخابی مہم اور چمن پرلت میں خدمات کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ۔

اجلاس میں چمن ضلع کے تحصیل سیکرٹریز وسینئر معاونین اور پی ایس او کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری نے اپنی اپنی تنظیمی سیاسی کارکردگی رپورٹیں پیش کی جس کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے بعد ازاں ان کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ چمن پرلت لاکھوں انسانوں کے روزگار ، ان کے ذریعہ معاش ، ان کی روزی روٹی کا مسئلہ ہے ، ڈیورنڈ خط پر پاسپورٹ کی شرط یہاں کے عوام کیلئے ناقابل قبول ہے ، خط کے اس پار اور اُس پار گھر ، مسجد ، دکان ، مارکیٹ، کھیتی باڑی ، قبرستان مشترکہ ہیں جس طرح پہلے آمدورفت ہوتی تھی ویسے ہی آمدروفت بحال کی جائے صدیوں سے جاری اس آمدورفت اور تجارت کی راہ میں رکاٹیں حائل نہ کی جائے ۔

تجارت کیلئے کسٹم ٹیکس کلیئرنس کا نظام بناکر ملک بھر میں تجارت کی اجازت ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو 34سال جیل میں رہے انہیں اس لیئے سزائیں دی گئی کہ وہ اس ملک کو آئین دینے، جمہور کی حکمرانی قائم کرنے ، بالغ رائے دہی ووٹ دینے ، سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے رول کے خاتمے اورپشتونوں کے متحدہ قومی صوبے پشتونستان کا قیام چاہتے تھے اور ان مطالبات کی پاداش میں انہیں اپنی زندگی کا نصف حصہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنی پڑی اور آخر کار2دسمبر 1973کو شہید کیئے گئے۔

یہاں پر عوام کو ووٹ کا جو حق حاصل ہوا یہ خان شہیدعبدالصمد خان اچکزئی کی جدوجہد وقربانیوں کی مرہون منت ہے ۔ ملک کے قیام کے بعد 17سال تک ووٹ ،بالغ رائے دہی سے عوام کو محروم رکھا گیا ، اس ملک کو 26سال بغیر آئین رکھا گیا ، جمہورکی حکمرانی کو تسلیم نہیں کیا جارہا تھا اور اس میں اُس وقت کے مسلم لیگ اور سٹیبلشمنٹ دونوں کا کردار تھا جو قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں یہ سب نہیں چاہتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ آج جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تو ہر فرد انتخابات میں حصہ لینے کا خواہاں ہوتا ہے لیکن عوام نے ایسے نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا جو عوام کے حق میں بات کرسکے عوام کے مسائل کو اجاگر کر سکے ، عوام کی خدمت اور عوام کی بھرپور ترجمانی کرسکے اور پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ عوام کے اس حق کو بھرپور انداز میں جرات کے ساتھ ہر فورم پر ادا کیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ NA-266چمن قلعہ عبداللہ کی قومی اسمبلی کی نشست پر پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی ، پی بی 51پر پارٹی کے نامزد امیدوار اباسین خان اچکزئی اور پی بی50پر پارٹی کے نامزد امیدوار میروائس خان اچکزئی کی کامیابی کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائیں ۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں