چارسدہ،صفائی کی انتہائی ناقص صورت حال،محلے کی صفائی مکینوں کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن گئی،مکین علاقہ سے بھاگنے پر مجبور

علاقے کی صفائی کی بہتری پر فوری توجہ دی جائے بصورت دیگر نااہل بلدیاتی ناظم کے خلاف احتجاج پر مجبور ہو نگے،علاقہ مکین

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:03

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) ایم سی ون کے علاقہ محلہ اسلام آباد نمبر 1 میں صفائی کی انتہائی ناقص صورت حال۔محلے کی صفائی مکینوں کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن گئی۔ نااہل منتخب ناظم نے گندے نالی کی صفائی کرکے گندگی سے علاقے کے ڈسٹ بن بھر دیئے۔بچا کچا کیچڑ بجلی کے کمبوں کے پاس ڈال دیا گیا۔ محلہ کے تمام راستے گندہ کیچڑ سے لیت پیت ہو گئے۔

علاقہ بھر بدبو اور تعفن سے بھر گیا۔گندے نالی کا سطح کم ہونے کی بجائے مزید چڑھ گیا۔ مکین علاقہ سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم سی ون کے علاقہ محلہ اسلام آباد نمبر 1 میں کئی مہینوں سے صفائی کی انتہائی ناقص صورت حال چلی آ رہی تھی۔مکینوں نے علاقہ کی صفائی کے حوالے سے اعلیٰ حکام کو کئی با ر آگاہ کیا لیکن محلے کی صفائی رحمت کی بجائے زحمت بن گئی۔

(جاری ہے)

علاقوں کی صفائی کیلئے منتخب نمائندوں کو سالانہ لاکھوں روپے فنڈز بھی جاری کئے گئے ہیں۔ محلہ اسلام آباد نمبر 1 میں منتخب بلدیاتی ناظم عدنان خان نے اپنی نااہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈز سے مزدور لگا کر کئی مہینوں سے بھرے گندے نالے کی صفائی کی اور گندگی کو علاقے سے دور لے جا کر پھینکنے کی بجائے علاقہ بھر کے ڈسٹ بن بھر دیئے جبکہ بچا کچا گندہ کیچڑ بجلی کے کمبوں کی مضبوطی کیلئے آس پاس ڈال دیا۔

محلہ کے تمام راستے گندہ کیچڑ سے لیت پیت ہوگئے جس سے علاقہ مکین اور بلخصوص سکول کے بچوں کی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ بھر گندے کیچڑ کے بدبو اور تعفن سے بھر گیا ہے جس کے باعث سانس، پھیپڑوں اور دیگر موضی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بن چکا ہے۔گندے نالی کی کئی ماہ صفائی کے بعد پانی کا سطح کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گیا ہے۔علاقے کے مکینوں نے میڈیا سے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محلہ کی گندگی اور بدبو سے تنگ آکرکہیں دور بھاگنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی صفائی کی بہتری پر فوری توجہ دی جائے بصورت دیگر علاقہ مکین نااہل بلدیاتی ناظم کے خلاف احتجاج پر مجبور ہو نگے۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں