چارسدہ ،طوطی شاہ کلے شیرپائو میں مالک مکان نے کرایہ نہ ملنے پر سکول کو تالے لگا دیے

طلباء و طالبات چار روز سے شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے کرایہ کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ، ایک ہفتے کے اندر ادائیگی کردینگے، ڈی ای او جہانگیر خان

جمعہ 13 ستمبر 2019 21:15

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2019ء) چارسدہ کے علاقہ طوطی شاہ کلے شیرپائو میں مالک مکان نے کرایہ نہ ملنے پر سکول کو تالے لگا دیے ۔طلباء و طالبات گزشتہ چار روز سے شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ۔بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے کرایہ کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ،ایک ہفتہ کے اندر اندر ادائیگی کرینگے ۔ڈی ای او جہانگیر خان ۔

تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے مضافاتی علاقہ طوطی شاہ کلی میں مالک مکان محمد سعید نے گورنمنٹ پرائمری سکول حصارہ میانہ کو تالے لگا کر بند کر دیا ۔ اس حوالے سے مالک مکان محمد سعید کا کہنا ہے کہ گزشتہ 18 ماہ سے محکمہ تعلیم مکان کا کرایہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے وہ سکول کو تالے لگانے پر مجبور ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے دفاتر کے چکر لگا کر وہ تھک گیا تھا اس لیے سکول بند کرنے کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہ تھا۔

(جاری ہے)

سکول بندش کے حوالے سے سکول کے اساتذہ کرام کا کہنا ہے کہ علاقے کے ایم پی اے سمیت محکمہ تعلیم کے ذمہ دار حکام کو اطلاع دی ہے مگر چارروز گزرنے کے باوجود محکمہ تعلیم ٹس سے مس نہ ہوئی ۔اساتذہ کرام کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کی وجہ سے گزشتہ روز ایک بچہ بھی بے ہوش ہو گیا تھا ۔ سکول کی عمارت بند ہونے کی وجہ سے بیشتر طلباء گرمی کی وجہ سے بھاگ جاتے ہیں۔

اساتذہ کرام کا مزید کہنا تھا کہ کھلے آسمان تلے شدید گرمی میں حصول تعلیم کے لیے آئے ہوئے بچے پانی پینے کے لیے مسجد جاتے ہیں تو امام مسجد بچوں کو بھگاتے ہیں جبکہ رفع حاجت کے لیے بچے کھیتوں کو جاتے ہیں جہاں بھی ان کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جہانگیر خان نے اپنے موقف میں کہا کہ ہم نے ضلع چارسدہ کے مختلف پرائمری سکول جو کرایہ کے عمارتوں میں چل رہے ہیں کے سالانہ کرایہ کے لئے محکمہ فنانس سے دو لاکھ روپے بجٹ مانگ لیا تھا مگر محکمہ فنانس نے صرف 29ہزار روپے دیئے ہیں جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو ئے ہیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر ہنگامی بنیادوں پر طوطی شاہ سکول کے مالک مکان کو کرایہ ادا کیا جائے گا جبکہ مذکورہ سکول کو تاحکم ثانی اسی یونین کونسل کے دوسرے پرائمری سکول میں ضم کرنے کے احکامات بھی جاری کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں