چترال، سول سوسائٹی کے ذریعے لاکھوں پودے مفت تقسیم کرنے کا آغاز

ہفتہ 22 فروری 2020 12:56

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) چترال میں دس بلین سونامی پلانٹ ڈسٹری بیوشن منصوبے کے تحت محکمہ جنگلات نے سول سوسائٹی کے ذریعے بھی مفت پودے تقسیم کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سینگور کے مقام پر ایک نرسری میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈویژنل فارسٹ آفسیر شوکت فیاض نے کی۔

اس تقریب میں سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن (برفانی چیتے کی تحفظ کیلئے قائم ادارہ)کو محکمہ جنگلات کی جانب سے مفت پودے فراہم کئے گئے، ان پودوں کو کمیونٹی اپنے علاقوں میں مفت تقسیم کرے گی۔ فائونڈیشن ان پودوں کو مولکہو کے علاقے میں بھی لگائے گی تاکہ جنگلات کی کمی پر قابو پایا جاسکے۔

(جاری ہے)

سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کے نمائندے شفیق اللہ خان نے بتایا کہ برفانی چیتے کے ساتھ ساتھ تمام جنگلی حیات کا جنگلات کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے، اگر جنگل رہے گاتو جنگلی حیات اور برفانی چیتا بھی رہے گا اگر جنگل نہیں رہے گا تو برفانی چیتے کے علاوہ دیگر جنگلی حیات کیلئے بھی زندہ رہنا مشکل ہوگا۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے کہا کہ اگر ہر شحص ایک پودا لگائے اور ہر بشر ایک شجر کے پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے تو بہت جلد ہم ملک میں جنگلات کی کمی پر قابو پالیں گے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں