صوبائی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کا دورہ چائنہ ونڈو

بدھ 6 مارچ 2024 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) چترال سے جنرل نشست پر منتخب ہونے والی رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی۔ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے اور چینی زبان سیکھنے والے طلبا میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔

ثریا بی بی نے اسٹیٹ آف دی آرٹ چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مددکی ہے اور اب سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گا تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختون خوا کے پسماندہ علاقوں کو بھی سی پیک میں حصہ دیا جائے خاص طور پر چترال میں سی پیک کے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی پیک سے خیبر پختون خوا میں خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ ڈپٹی سپیکرصوبائی اسمبلی ثریا بی بی نے چینی زبان کو بھی مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دیا اور کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ چینی زبان سیکھی جائے تاکہ پاکستان میں جاری چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے منصوبوں میں انہیں ملازمت کے مواقع میسر آ ئیں۔ رشکئی اکنامک زون کے قیام سے بھی جہاں اس سپیشل اکنامک زون میں کارخانے لگیں گے وہیں دو لاکھ سے زیادہ ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ثریا بی بی نے مزید کہا کہ چائنہ ونڈو نہ صرف پشاور بلکہ خیبر پختون خوا کے عوام کی جانب سے اہل چین کے لئے دوستی کا ایک شاندار مرکز ہے بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چینی زبان سیکھنے والے طلبا میں اسناد تقسیم کیں۔قبل ازیں تقریب سے خطاب میں پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے کہا کہ انتخابات کے بعد اب حکومتی توجہ معاشی ترقی کی طرف ہونی چاہئیے تاکہ پیداوار میں اضافہ ہو اور لوگوں کو روزگار میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے بھی اسمبلی فلور پر اپنی پہلی تقریر میں معیشت کی بہتری کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے جس کے بعد انہیں امید ہے کہ خیبر پختون خوا میں صنعتی اور زرعی ترقی کا بہت جلد آغاز ہو جائے گا جبکہ معدنی زخائر کے حوالے سے بھی برادر ہمسایہ ملک چین سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں