چاغی ،لیویز فورس کا آپریشن ، چار مغوی ایرانی شہریوں کو بازیاب کرالیا

منگل 4 اگست 2020 22:03

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) چاغی میں لیویز فورس نے ایک آپریشن کے دوران چار مغوی ایرانی شہریوں کو بازیاب کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دالبندین محمد جاوید ڈومکی نے پریس کانفرنس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر پاک افغان سرحد کے قریب دور دراز پہاڑی علاقے میں کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر دالبندین محمد جاوید ڈومکی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران مقامی صحافیوں کو بتایا کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر لیویز فورس کی کوئیک رسپانس ٹیم نے گزشتہ روز باسلانی کے علاقے میں کی جہاں لیویز فورس کی آمد سے قبل اغواکار دشوار گزار پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

محمدجاوید ڈومکی نے بتایا کہ بازیاب کرائے گئے ایرانی شہریوں کی شناخت فرہاد ولد شہباز، نعمت ولد حسین، چاکر حاجی محمد مراد اور ناصر ولد رودین سے ہوئی جو پاکستانی سرحد کے قریب واقع ایرانی علاقے خواش کے رہائشی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ان افراد کو بارہ روز قبل ایرانی سرحدی علاقے روتک سے لین دین کے تنازعے پر اغوا کیا گیا جنہیں بحفاظت بازیاب کرکے اس کارروائی میں ایک مشکوک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ان کے مطابق بازیاب کیے گئے ایرانی شہریوں کو دالبندین لیویز تھانہ منتقل کیا گیا جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات متعلقہ لیویز حکام کررہے ہیں۔

دالبندین‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں