دہشتگردی میں ملوث منظم گروہوں کیخلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے‘آئی جی پنجاب

ہفتہ 14 جنوری 2023 22:59

لاہور / ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ پولس ٹیموں پر حملوں میں ملوث دہشت گرد و سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے،بارڈر ایریا میں موجود پولیس چیک پوسٹوں پر نفری کی تعداد کو بڑھایا جائے، جدید وسائل کے ساتھ ماہر سنائپرز کو بھی تعینات کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ایڈمن اینڈ اسٹیبلشمنٹ جنوبی پنجاب محمد سلیم کو چوبیس گھنٹوں کے اندر تونسہ شریف واقعہ کی تفصیلی انکوائری رپورٹ سی پی او بھجوانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کچہ سمیت دیگر حساس علاقوں میں پولیس آپریشنز کی خود نگرانی کریں جبکہ سرچ اور کومبنگ آپریشنز کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے میں قانون کی رِٹ کو مزید مضبوط کرنے کیلئے منظم کریمنل گینگز کے خلاف بھرپور آپریشن کئے جائیں۔ پولیس ٹیمیں حساس علاقوں میں پٹرولنگ بڑھائیں جبکہ سپروائزری افسران آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔ عامر ذوالفقار خان نے ہدایت کہ کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن کیلئے پولیس ٹیموں کو پہلے سے زیادہ وسائل، جدید اسلحہ اور نفری فراہم کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ مجرمان کی نقل و حرکت ختم کرنے کیلئے سندھ اور بلوچستان پولیس سے کوارڈی نیشن اور انفارمیشن شئیرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج آر پی او آفس ڈی جی خان میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ آئی جی پنجاب کو تونسہ شریف میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے کی ابتدائی تحقیقات بارے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز جنوبی پنجاب ، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی ، آر پی او ڈی جی خان ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی پی او ڈی جی خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب نے پولیس لائنز ڈی جی خان میں شہید ہیڈ کانسٹیبل مظہر اقبال کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

آئی جی پنجاب نے شہید کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ کے ماتھے کا جھومر اور قوم کے ہیرو ہیں جن کے اہل خانہ کی بہترین ویلفئیر کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے شہید کے ورثاء سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اس طرح کی کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

پنجاب پولیس کے شہید بیٹے کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔ عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے نماز جنازہ میں پولیس افسران و اہلکاران، میڈیا نمائندگان، وکلاء، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو آبائی گاؤں روانہ کیا گیا جہاں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا گزشتہ روز پنجاب خیبر پختونخواہ کے بارڈر پر واقع پولیس پکٹ پر نامعلوم مجرمان کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل مظہر اقبال نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

شہید ہیڈ کانسٹیبل مظہر اقبال نے سوگواران میں والدین، بیوی اور دو بچے چھوڑے ہیں۔مزید برآں آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا اور تونسہ شریف پولیس چوکی پر حملہ میں زخمی پولیس اہلکار محمد رمضان کی عیادت کی۔ آئی جی پنجاب نے ڈاکٹرز سے زخمی اہلکار محمد رمضان کی صحت بارے دریافت کیا۔ آئی جی پنجاب کی زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زخمی اہلکار محمد رمضان کو بہترین نگہداشت اور ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیز سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اور سی پی او ملتان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں