ڈیرہ اسماعیل خان،ڈائیوبس کے ڈرائیور نے بس کو لوٹنے کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

ہفتہ 19 جنوری 2019 17:00

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) ڈائیوبس کے ڈرائیور نے قریشی موڑ کے قریب بس کو لوٹنے کی کوشش ناکام بنا دی ، تفصیلات کے مطابق ڈرائیور ہواس پرقابو رکھتے ہوئے کمال مہارت سے گاڑی ریورس کرکے اسے واپس بھگا لے جانے میں کامیاب ہوگیا،تمام مسافرمکمل طور پرمحفوظ رہے ، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ، سیکورٹی گارڈ اورپولیس کے سیکورٹی حصار میں بس کو دوبارہ روانہ کردیاگیا ، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈکیتی مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈائیوبس ڈیرہ سے کراچی جارہی تھی کہ شب سوا تین بجے قریشی موڑکے قریب پہنچنے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے بس کو اسلحہ کی نوک پر زبردستی روک لیا ۔اس دوران ڈاکوئوں نے ڈرائیور سے بس کا دروزاہ کھولنے کا کہا لیکن ڈرائیور کے انکار پر انہوں نے ڈرائیور سائیڈ کا شیشہ توڑ دیااور ڈرائیور سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے اس کا موبائل فون چھین لیا،ڈرائیور نے فوری طور پر بس کو ریورس کیا اور وہاں سے گاڑی کو بھگا لے جانے میں کامیاب ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ڈائیو بس ٹرمینل ڈیرہ کے منیجر محمد علی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کی راولپنڈی سے کراچی جانے والی بس شب سوا تین بجے ڈیرہ ٹرمینل سے روانہ ہوئی ۔ قریشی موڑ کے قریب پہنچنے پر سڑک کے کنارے دوٹرک موجودتھے ۔اس دوران وہاں سے سیکورٹی اداروں کی وردی میں موجود مسلح نقاب پوش افراد اچانک نمودار ہوئے اور انہوں نے بس کو روکا جس پر ڈرائیور نے بس روک لی ۔

اس دوران مسلح افراد ڈرائیور سائیڈ میں آئے اور اسے بس کا دروزہ کھولنے کو کہا ۔شک ہونے پر ڈرائیور نے دروزہ نہیں کھولا جس پر ملزمان نے ڈرائیور سائیڈ کے شیشہ پر اسلحہ کے بٹ مار کر اسے توڑ دیا اور ڈرائیو رکے ساتھ ہاتھاپائی کے دوران اس کا موبائل فون چھین لیا ۔ ڈرائیور نے اپنے ہواس بحال رکھے اور انتہائی مہارت اور حوصلہ مندی کے ساتھ گاڑی کو فوراًواپس پیچھے کی جانب موڑا اور وہاں سے گاڑی کو بھگا لے جانے میں کامیاب ہوا ۔

اس دوران ملزمان نے فائرنگ کی تاہم تمام مسافر محفوظ رہے اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر کینٹ ایس ایچ او عمران اللہ خٹک کو کی گئی جوکہ فوری پہنچ گئے ۔اس دوران ڈیرہ غازی خان جانے والی بس کا ٹائم بھی برابر ہوگیا اور اس طرح دونوں گاڑیوں میں سیکورٹی گارڈ مقرر کرکے پولیس کے کانوائے میں دونوں گاڑیوں کو روانہ کردیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیو رکی مہارت اور حوصلہ مندی پر انہوںنے ڈائیو کمپنی سے اس کے لئے خصوصی انعام کی سفارش بھی کردی ہے۔پولیس نے نامعلوم ڈاکوئوں کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں