خواتین کو خود اعتمادی مل جائے تو وہ ہر میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں، کمشنرسلوت سعید

جمعہ 8 مارچ 2024 13:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں جمعہ کوخواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد سلوت سعیدتھیں جبکہ اس موقع پروائس چانسلروومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرظل ہما نازلی،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرزاسما عزیز،ڈینز،فیکلٹی ممبرز، مختلف شعبوں کی سربراہان سمیت طالبات کی بڑی تعدادبھی شریک تھی۔

واک کی شرکانے بینرز،پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عورتوں کے حقوق اور وومن ڈے کے حوالے سے مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔سیمینار میں قیام پاکستان کے بعد سے آج تک مختلف شعبہ جات میں ملکی خدمات سر انجام دینے والی مشہورخواتین شخصیات کے حوالے ڈاکو منڑی بھی پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آبادسلوت سعید نے کہا کہ ہم لوگ ابھی بھی اس سفر میں جاری ہیں کہ خواتین کو آپ خود اعتمادی دیں تو وہ زندگی کے ہر میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کر یں گی،ہم سب کو ایک دوسرے کی کامیابی کو سیلیبریٹ کرنے سمیت اپنے کام سے راستے روشن کرتے جاناچاہیے تاکہ کل آنے والے اس پر چلنے میں آسانی محسوس کرسکیں۔

ہمیں پوری سوسائٹی کیلئے ایک رول ماڈل بننااور یہ ذہن نشین رکھنا ہے کہ آپ کی ہمت محنت کبھی بھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ازواج مطہرات ہماری سوسائٹی کیلئے ایک بہترین رول ماڈل ہیں آپ ان کے نقش قدم پر چلیں تو آپ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کریں گی نیز اپنی اقدارکا خیال اور اپنے خاندان کی عزت ووقار کی پاسبانی بھی آپ نے ہی کرنی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہاکہ آج آپ خواتین کا عالمی دن ہے، پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہیں اسلئے ہمیں خواتین پربھی انویسٹمنٹ کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمشنر فیصل آبادسلوت سعیدکی آمد پر ان کی بہت مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ سب خواتین کا عالمی دن ہے اور ہمارا سفر جاری ہے اور جاری رہے گا، اگر خواتین پر بھروسہ کریں اور ان کو امپاور کریں تو ہم کائنات کو مسخر کر سکتی ہیں، ترقی کا یہ سفر آسان نہیں تھااس کیلئے ہر ایک نے اپنااپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آنے والوں کے لیے شمعیں روشن کرنی ہیں تاکہ جن مشکلات کا سامنا ہمیں رہا ان کو پیش نہ آئے،ہمت اور محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، اپنی منزل اور مقصد متعین کریں اور اس پر چل پڑیں۔انہوں نے کہا کہ آپ جتنی بھی کمزور کیوں نہ ہوں معاشرے میں تبدیلی لا سکتی ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اسلئے محنت و عظمت سے اپنا آپ منوائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے دئیے گئے حقوق کے بعدخواتین کو کسی اور حق کی ضرورت نہیں اگر ان کو پورا کر دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اداروں میں ہم نے صرف کتابوں کا علم نہیں دینابلکہ اخلاقی تربیت بھی ہماری ذمہ داری ہے کیونکہ اگر آج ہم ایک بچی کی تربیت کریں گی تو کل وہ اپنے پورے گھرانے کی تربیت کرے گی اور اسی میں ہم سب کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں