فیسکونے نادہندہ سرکاری اداروں کو ادائیگی کے حتمی نوٹس جاری کردیئے

جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2021ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ساڑھے 53 کروڑروپے کے بجلی کے بلوں کے واجبات کے نادہندہ 11 سرکاری اداروں کو ادائیگی کے حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے بلز جمع نہ کروانے پر کنکشنز منقطع کرنے کابھی اعلان کیا ہے۔فیسکو کے ترجمان طاہر شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد کی ہدایت پر قبل ازیں نادہندہ سرکاری اداروں کو بلز کی بقایا رقوم جمع کروانے کیلئے کئی ریمائنڈرز ارسال کئے گئے مگر انہوں نے اپنے واجبات ادا نہیں کئے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ واسا فیسکو کا سب سے بڑا47کروڑ سے زائد کا نادہندہ ہے اسی طرح زرعی یونیورسٹی کے ذمہ  2کروڑ 42 لاکھ اور محکمہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز 1 کروڑسے زائد کا نادہندہ ہے جبکہ ریلوےپولیس صحت محکمہ مال نیشنل ہائی وے اور ٹی ایم ایز بھی نادہندہ محکموں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے ذمے 1.42ملین پنجاب پولیس کے ذمے 5.93ملین ڈسٹرکٹ ہیلتھ 4.75ملین ریونیو ڈسٹرکٹ گورنمنٹ 1.05ملین ٹی ایم اے لائلپور ٹاؤن 4.68ملین ٹی ایم اے مدینہ ٹاؤن 2.09ملین ٹی ایم اے اقبال ٹاؤن 4.08ملین سوئی ناردرن 10.24ملین اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو 4.06 ملین روپے کے واجب الادا بقایا جات جمع کروانے کیلئے کہا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب ان نادہندہ سرکاری اداروں کو ادائیگی کیلئے حتمی نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں جن میں واضح کیا گیا ہے کہ 1 ہفتہ کے اندر اندرواجبات ادا نہ کئے جانے کی صورت میں ان کے بجلی کے کنکشنز منقطع کر دئیے جائیں گے اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیسکو اپنے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور اپنے سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے کوشاں ہے مگر بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی سے اسے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں