عوام کو پی ٹی آئی سے جو توقعات ا تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں،پروفیسر محبوب الزمان بٹ

بدھ 2 دسمبر 2020 22:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2020ء) جماعت اسلامی فیصل آباد کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی سے جو توقعات اور امیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔ جتنی جلدی موجودہ حکومت ناکام ہوئی ہے ملکی تاریخ میں کوئی دوسری حکومت ناکام نہیں ہوئی ۔ملک میں قیادت کا ایک خلا پیدا ہوچکا ہے جسے صرف جماعت اسلامی پر کرسکتی ہے، قوم کی امیدوں پر پورااتریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی117کے امیر چوہدری عبدالغفورکی زیرصدارت اجتماع ارکان وکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجتماع سے ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدر میاںطاہر ایوب،زونل جنرل سیکرٹری مختارعلی ، مولانامحمداسحاق،عمران رشیداوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے ن لیگ اورپیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی آزمالیا ہے،عوام اب کسی کے دھوکہ میں نہیں آئیں گے، تبدیلی کے دعوے داروں نے عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا ہے، مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے راتوں کی نیند چھین لی ہے، موجودہ حکومت نے دوسال میں بیڈ گورننس کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔

سابقہ حکومتوں نے اپنے پانچ سالہ دور میں جو ناکامی اور بدنامی سمیٹی تھی موجودہ حکومت نے پہلے سال میں ہی اس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور بڑی ڈھٹائی سے تبدیلی کے نعرے بھی لگا رہی ہے، موجودہ حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے۔ خوشنما نعروں اور بلند وبانگ دعوئوں پر ووٹ دینے والے بددل اور مایوس ہوکر حکومت کا ماتم کررہے ہیں۔ ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان غریب نہیں بلکہ ہر طرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ کھسوٹ کی بدولت نام نہاد حکومتوں نے پاکستان کو ایک مقروض ملک اور اس کے عوام کو ذلیل و خوار کر کے رکھ د یاہے ۔

کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اس لئے یہاں اسلامی اصولوں پر رائج قوانین ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل پر لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں