3روپے میں 1کلو میٹرسفرکرنیوالی الیکٹرک کار متعارف

جمعرات 20 جنوری 2022 23:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) پاکستانیوں کے لئے خوشخبری ، ستارہ گروپ اور ٹیسلا نے ملٹی پرپز کمرشل الیکٹرک گاڑیاں اور انہیں چارج کرنے کے لیے ای وی چارجر اور اے سی چارجر متعارف کرا دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ گاڑیاں ستارہ انجینئرز فیصل آباد اور ٹیسلا انڈسٹریز اسلام آباد نے جوائنٹ وینچرز کے تحت چین سے درآمد کی ہیں اور آئندہ سال تک ان کی پاکستان میں اسمبلنگ شروع ہو جائے گی۔

یہ گاڑی 11 سیٹر ہے اور ایئرکنڈیشنر کے ساتھ ایک چارج میں 250 کلومیٹر سفر طے کرتی ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رینج 300 کلومیٹر ہے جبکہ بیٹری کی لائف تقریبا دس لاکھ کلومیٹر کے قریب ہے۔ کمپنی نے اس کی لوکل وارنٹی دینے کا بھی اعلان کیا ہے جو ڈیڑھ لاکھ کلومیٹر یا پانچ سال کی مدت ہے جو پہلے پوری ہو جائے۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں بہت کم خرچ ہیں اور کمرشل الیکٹرک وہیکل گاڑی قیمت اور فرسودگی ڈال کر تقریبا تین سے ساڑھے تین روپے فی کلومیٹر میں پڑے گی۔

یادرہے الیکٹرک وہیکلز خریدنے والوں کو پیٹرول یا ڈیزل کے ساتھ ساتھ موبل آئل اور فلٹر کی تبدیلی سے بھی نجات مل جاتی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل پر آنے والے اخراجات کی بچت قرار دی جاسکتی ہے، لیکن ان کا اصل فائدہ یہ ہے کہ ان کے سائلنسر سے کسی قسم کا دھواں خارج نہیں ہوتا بلکہ اس میں سرے سے سائلنسر موجود ہی نہیں ہے۔ ٹیسلا موٹر ز کے ذیلی ادارے گوگو موٹرز کے سی ای او عامر حسین نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی کمپنی نے الیکٹرک چارجروں کی تنصیب مکمل کرلی ہے اور اب پاکستانی پشاور سے لے کر رحیم یار خان تک کسی بھی الیکٹرک کار پر سفر کر سکتے ہیں۔

چارجنگ سٹیشن اسلام آباد ، پشاور ، بھیرہ ، پنڈی بھٹیاں ، عبدالحکیم اور ملتان میں نصب کردئیے گئے ہیں اور فیصل آباد میں بھی اسی مہینے ایک چارجر نصب ہو جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں