عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد فاتحہ خوانی کیلئے قبرستانوں میں پہنچ گئی

بدھ 10 اپریل 2024 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) فیصل آباد میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے اپنے پیاروں کے ایصال ثواب، خصوصی دعاؤں اور فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کرلیا۔عید کا خوشیوں بھرا دن ہو تو سب سے پہلے وہ پیارے، عزیز و اقارب یاد آتے ہیں جو اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نماز عید ادا کرنے کے بعد فرزندان توحید اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے پہنچے تو قبرستان کی فضائیں اگربتیوں اور پھولوں کی خوشبو سے مہک اٹھیں۔

فیصل آباد میں جھنگ روڈ،غلام محمد آباد،سرگودھا روڈ،جڑانولہ روڈ اور شہر کے دیگر قبرستانوں میں بزرگ، بچے، خواتین اور جوان اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے نظر آئے، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے اور قرآن پاک کی تلاوت بھی کی۔

(جاری ہے)

عید الفطر کے موقع پر پھولوں کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی دکاندار منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، پھول کی پتیوں کی 400 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔

اس موقع پرشہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان سے پہلے دوسے تین سو روپے فی کلو پتیاں فروخت ہوتی تھیں، اب قبروں پر بھی پھولوں کی پتیاں لے جانی مشکل ہو گئیں ہیں۔ دکانداروں نے اپنی مرضی کے ریٹ لگائے ہوئے ہیں، انتظامیہ کو چاہئیے کہ مذہبی تہوار کے موقع پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں