فیصل آباد ،ڈپٹی کمشنر کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور اولڈ ایج ہو م کا دورہ

بدھ 10 اپریل 2024 15:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے عید الفطرکے موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور اولڈ ایج ہو م کا دورہ کیا اور بچوں میں عید گفٹس تقسیم کئے اور بچوں کے ہمراہ عید کیک کاٹا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود اور ترقی معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔معاشرہ کی سختیوں کے ستائے ہوئے بچوں کو خوشیوں میں شامل رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا عید کا حقیقی فلسفہ ہے۔خوشی کے تہواروں پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں سمیت معاشرے کے لاچار افراد کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے اولڈ ایج ہوم کا دورہ کرتے ہوئے مقیم بزرگ افراد کوعیدکی مبارکباد دی اور ان میں عیدگفٹس تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگوں سے پیاروشفقت کا اظہار کیا۔بزرگ اگرچہ کسی گھریلو تناؤکے باعث عافیت میں مقیم اورعید اپنے پیاروں سے دور منارہے ہیں لیکن وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں کیونکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران ان کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہیں۔انہو ں نے کہا کہ عیدکا عظیم دن ہمیں ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے۔ معاشرے کی سختیوں کے ستائے ہوئے افرادکی بھلائی کیلئے ہمیں وسائل اور وقت کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اولڈ ایج ہو م میں مقیم عمر رسیدہ افرادکی ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھیں اورانہیں گھر جیسا ماحول میسر ہونا چاہیے تاکہ وہ کسی لمحہ بھی اداس نہ ہوں اور اپنی مرضی سے زندگی گزار سکیں۔اس موقع پر بزرگ افراد نے عید کی خوشیوں میں شامل ہونے پرڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں