ٹریفک پولیس فیصل آبادنے چناب کلب چوک تا منروا کلب چوک کو ماڈل روڈ قرار دے دیا

منگل 30 اپریل 2024 17:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے سرینا روڈ فیصل آباد (چناب کلب چوک تا منروا کلب چوک) کو ماڈل روڈ قرار دے دیا ہے۔ماڈل سرینا روڈ پر شہریوں اور روڈ یوزرز کی سہولت کے پیش نظر بغیر ہیلمٹ سوار موٹرسائیکل حضرات، چنگچی رکشہ جات،لوڈر رکشہ جات اور ہر قسم کی سلو موونگ ٹریفک،کمرشل وہیکلز اور دیگر تمام پبلک سروس وہیکلزکا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

موٹر سائیکل سوار حضرات کےلئے انتہائی بائیں لین علیحدہ سے مختص کر دی گئی ہے تاکہ ماڈل سرینا روڈ پر ٹریفک کا کوئی مسئلہ درپیش نہ آئے اور تمام شہری باحفاظت اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ گورنمنٹ آف پنجاب اور افسران بالا کی ہدایات کی روشنی میں ٹریفک پولیس فیصل آباد اپنے شہریوں کی خدمت کےلئے ہر پل مستعد و تیار ہے۔

(جاری ہے)

بطور چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد میری تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایک محفوظ اور منظم ٹریفک سسٹم کی تشکیل میں اپنا مثبت کردار ضرور ادا کریں،ہم سب کو مل کر اپنے اور دوسروں کےلئے ایک محفوظ معاشرہ کی تکمیل کرنا ہوگی تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اپنے اپ کو غیر محفوظ تصور نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ بطور چیف ٹریفک آفیسر مجھ سمیت میری ٹیم اورتمام افسران و ملازمان ٹریفک کی بہترین روانی اور حادثات سے بچاؤ کےلئے مصروف عمل ہیں۔تمام سٹاف کو اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے سرانجام دینے کےلئے ہدایات وقتاً فوقتاً جاری کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فرائض منصبی احسن طریقہ سے سر انجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور سستی وغیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا عمل جاری و ساری رہے گا۔ آئندہ آنے والے چند دنوں میں ہم ماڈل روڈ کا دائرہ کار شہر کی دوسری شاہراہوں تک بھی بڑھائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں