سیرینا روڈ کو ماڈل روڈ قرار دیدیاگیا، سست رفتار گاڑیوں اور رکشوں کا داخلہ بند

جمعرات 2 مئی 2024 11:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے سیرینا روڈ فیصل آباد کوچناب کلب چوک سے منروا کلب چوک تک ماڈل روڈ قرار دیدیا ہے لہٰذا اب مذکورہ ماڈل سیرینا روڈ پر شہریوں اور روڈ یوزرز کی سہولت کے پیش نظر بغیر ہیلمٹ سوار موٹرسائیکل حضرات،چنگ چی رکشہ جات، لوڈر رکشہ جات،ہر قسم کی سلو موونگ ٹریفک،کمرشل وہیکلز اور دیگر تمام پبلک سروس وہیکلزکا داخلہ ممنوع قرار دیدیا گیا ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار حضرات کیلئے انتہائی بائیں لین علیحدہ سے مختص کر دی گئی ہے تاکہ ماڈل سیرینا روڈ پر ٹریفک کا کوئی مسئلہ درپیش نہ آئے اور تمام شہری بحفاظت اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

چیف ٹریفک آفیسر سٹی ٹریفک پولیس فیصل آبادمقصود احمد لون نے اے پی پی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کے ویژن کے تحت سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباداپنے معزز شہریوں اور روڈ یوزرز کے محفوظ و آرام دہ سفر کیلئے ہرپل کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس فیصل آباد اپنے شہریوں کی خدمت کیلئے ہر پل مستعد و تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایک محفوظ اور منظم ٹریفک سسٹم کی تشکیل میں اپنا مثبت کردار ادا کریں کیونکہ ہم سب کو مل کر اپنے اور دوسروں کیلئے ایک محفوظ معاشرہ کی تکمیل کرنا ہوگی تاکہ ہماری آنیوالی نسلیں اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹریفک افسران و ملازمان ٹریفک کی بہترین روانی اور حادثات سے بچاؤ کیلئے مصروف عمل ہیں جبکہ تمام سٹاف کو اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے سرانجام دینے کیلئے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرائض منصبی احسن طریقہ سے سر انجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور سستی وغیرذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کاروائی کا عمل جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آنیوالے چند دنوں میں وہ ماڈل روڈز کا دائرہ کار شہر کی دوسری شاہراہوں تک بھی وسیع کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں