فاروق آباد---محرر کا پوسٹ مین پر تشدد‘دھکے دیکر تھانے سے نکال دیا‘ ملازمین کا شدید احتجاج،اعلی حکام نے فوری نوٹس نہ لیا تو 22دسمبر سے مکمل ہڑتال کی جائے گی‘پوسٹل ایمپلائز یونین

ہفتہ 20 دسمبر 2008 14:30

فاروق آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔20دسمبر 2008 ء) مقامی پوسٹ آفس کے پوسٹ مین پر تھانہ سٹی فاروق آباد ڈاک دینے کیلئے جانے پر محرر کا تشدد‘وردی پھاڑ ڈالی‘ٹھڈوں اور تھپڑوں سے مارمار کر نڈھال کر کے تھانے سے دھکے دیکر باہر نکال دیا-پوسٹل ایمپلائز یونین کا واقعہ کے خلاف شدید ردعمل-پوسٹ آفس کے عملہ کا پریس کلب فاروق آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ-ذمہ دار کے خلاف کاروائی نہ ہونے پر 22دسمبر کو ہڑتال کی دھمکی دیدی-تفصیلات کے مطابق فاروق آباد پوسٹ آفس کا پوسٹ مین غلام مصطفے باقاعدہ یونیفارم میں محکمہ کا سرکاری کارڈ چھاتی پر آویزاں کئے ہوئے تھانہ سٹی فاروق آباد میں ہائی کورٹ لاہور کا ایک حکمانہ لیٹر دینے گیا اور محرر کے ٹیبل پر لیٹر رکھ کر وہاں بیٹے اہلکاروں کو بتادیا پوسٹ مین غلام مصطفے وہاں سے باہر نکلنے لگا تو دروازے میں کھڑے مقصود نامی محرر نے غلام مصطفے کو روک لیا اور کہا کہ ڈاک کا لفافہ یہاں کیوں رکھا ہے اس میں بم بھی ہو سکتا ہے پوسٹ مین نے جواب دیا کہ عرصہ چھ ماہ سے روزانہ ڈاک دینے تھانہ آتا ہے اور محکمانہ بیج اور یونیفارم بھی پہن رکھی ہے وہ بھلا کچھ غلط کیسے کر سکتا ہے یہ بات سن کر محرر مقصود طیش میں آگیا اور پوسٹ مین کو گالم گلوچ کرنا شروع کر دیا اور اس پر ٹھڈوں اور تھپڑوں کی بارش کر دی دیگر ملازمین نے بھی غلام مصطفے کو ننگی گالیاں دینا شروع کر دیں محرر نے اسے کہا کہ اب تمہیں پتہ چلا کہ پولیس والوں کو جواب دینے کا انجام کیا ہوتا ہے اور دھکے دیکر پھٹی ہوئی وردی کی حالت میں تھانہ سے نکال دیا-اس واقعہ کے خلاف پوسٹ آفس کے عملہ نے پریس کلب(رجسٹرڈ) فاروق آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور واقعہ کی شدید مذمت کی جبکہ پوسٹل ایمپلائز نوپ یونین(سی بی اے) شیخوپورہ کے صدر صابر رندھاوا جنرل سیکرٹری ناصر اولکھ‘ نائب صدر محمد صابر ورک اور فنانس سیکرٹری محمد شفیع نے پریس کانفرنس میں واقعہ کی شدید مذمت کی اور تنبیہ کی کہ اگر ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی نہ کی گئی تو 22دسمبر کو ہڑتال کر دی جائے گی اس حوالے سے تھانہ سٹی رابطہ کر کے موقف لیا گیا تو ڈیوٹی آفیسر نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار مقصود محرر دو دن کی چھٹی پر چلا گیا ہے تاہم اس نے پوسٹ مین کے ساتھ تشدد کے واقعہ کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس معاملہ پر ہم مذکورہ پوسٹ مین سے معذرت کرلیں گے تھانہ سٹی میں ہونے والے واقعہ کی اطلاع ڈی جی پوسٹل سروسز پاکستان‘پوسٹ ماسٹر جنرل لاہور آئی جی پنجاب اور ڈی پی او شیخوپورہ کو تحریری طورپر کر دی گئی ہے-

متعلقہ عنوان :

فاروق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں