بلدیہ فاروق آباد کے ملازمین ،پنشنرز عیدالاضحی کے موقع پرتنخواہ اور پنشن سے محروم رہے

تنخواہوں اور پنشن کی مد میں چالیس لاکھ روپے کا چیک جاری کیا گیا ،81 لاکھ روپے درکار ہیں

پیر 3 جولائی 2023 21:48

فاروق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2023ء) شہر سے ٹیکسز کی مد میں لاکھوں روپے ماہانہ آمدنی کمانے والی بلدیہ فاروق آباد کے ملازمین اور پنشنرز عیدالاضحی کے موقع پر تنخواہ اور پنشن سے محروم رہے، ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے۔بتایا گیا ہے کہ بلدیہ فاروق آباد کے ملازمین اور پنشنرز کو عیدالاضحی کے موقع پر تنخواہ اور پنشن نہیں مل سکی۔

جس کے باعث ملازمین اور پنشنرز کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ قربانی کرنا تو دور کی با ت ہم اپنے بچوں کو عید پرنئے کپڑے دلوا سکے ہیں نہ گھر کا راشن لے سکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیہ فاروق آباد دکانوں کے کرایوں، پیدائش ،اموات کی فیس،بلڈنگ فیس، پراپرٹی ٹیکس، بورڈ فیس، رکشہ اسٹینڈ فیس سمیت مختلف مدوں میں لاکھوں روپے ماہانہ ٹیکس وصول کرتی ہے۔

(جاری ہے)

مگر اپنے ملازمین اور پنشنرز کو عید پر تنخواہ اور پنشن نہیں دی گئی۔علاوہ ازیں ملازمین اور پنشنرز ایک سال گزر جانے کے باوجود ڈسپیریٹی الائونس کے بقایاجات سے بھی محروم ہیں۔ اس حوالے سے بلدیہ فاروق آباد کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں چالیس لاکھ روپے کا چیک جاری کیا گیا مگر اس مد میں81 لاکھ روپے درکار ہیں۔امید ہے کہ جلد باقی ماندہ رقم جاری ہو جائے گی۔

بلدیہ ملازمین کا کہنا ہے کہ بلدیہ اپنے حاصل ہونے والے ٹیکسوں میں سے بھی تنخواہوں کی ادائیگی کر سکتی تھی مگر ادائیگی نہیں کی گئی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی اور نگران وزیربلدیات عامر سے مطالبہ ہے کہ انہیںتنخواہیں،پنشن اور ڈسپیرٹی الائونس فوری طور پر ادا کیا جائے ۔ اگر ادائیگیاںنہ کی گئیں تو احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

فاروق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں