وزیر خوراک گلگت بلتستان کی زیر صدارت گندم ایشو کے پائیدار حل کیلئے اجلاس

سبسڈائزڈ گندم ،آٹے کی شفاف تقسیم وترسیل کیلئے بائیو میٹرک نظام متعارف کروانے پر اتفاق

جمعہ 22 دسمبر 2023 20:55

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2023ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک و سیاحت غلام محمد کی زیر صدارت گندم ایشو کے پائیدار حل کیلئے قابل عمل لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے ممبران اسمبلی، گرینڈ جرگہ اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔وزیر خوراک و سیاحت غلام محمد نے شرکاء اجلاس کو گندم سبسڈی کے تاریخی پس منظر اور مختلف ادوار حکومت میں اس حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور ملکی سطح پر گندم کی پیداوار میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ کی بنیاد پر عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرتے ہوئے قیمتوں میں مناسب اضافے کے ذریعے متوقع گندم بحران سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت سبسڈائزڈ گندم اور آٹے کی منصفانہ اور شفاف تقسیم اور ترسیل کیلئے بائیو میٹرک کا نظام متعارف کروائے گی اور عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے عین مطابق گندم اور آٹے کی فراہمی سمیت کوٹے کی مقدار بڑھانے کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کریگی۔ گرینڈ جرگہ اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کے مطالبے پر گندم سروے کو فی الحال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ملکی سطح پر مہنگائی میں اضافہ کے تناسب سے گندم کی قیمتوں میں مناسب اضافے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرتے ہوئے مناسب اضافہ کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں