گوجرانوالہ پولیس نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کے 7 مرکزی ملزمان کے کردار کا تعین کر لیا

ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا پر قینچی سے وار کیے، حملے میں استعمال کی گئی دونوں قینچیاں برآمد

جمعرات 20 جنوری 2022 15:52

گوجرانوالہ پولیس نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کے 7 مرکزی ملزمان کے کردار کا تعین کر لیا
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) گوجرانوالہ پولیس نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کے 7 مرکزی ملزمان کے کردار کا تعین کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا پر قینچی سے وار کیے، حملے میں استعمال کی گئی دونوں قینچیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم تیمور نے پریانتھا کمارا کو اینٹ ماری، ملزم علی اصغر نیلاش کو آگ لگائی، ملزم شہر یار اور بلال نے بیرونی دروازہ توڑ کر ہجوم کو اندر بلایا۔

گوجرانوالہ پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم عبدالصبور بٹ نے فیکٹری ورکرز کو سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر حملے کے لیے اکسایا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر حملے کے ملزمان نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کر لیا ہے، ان تمام ملزمان کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں گوجرانوالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق پریانتھا کیس کے ان 7 ملزمان کو اسپیشل سیل میں رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ (دسمبر میں) سیالکوٹ میں سیکڑوں مشتعل افراد نے سری لنکن شہری پر مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر ڈنڈے برسائے، اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، اس کی لاش کی بے حرمتی کی، گھسیٹا اور آگ لگا دی تھی۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں