عیدالفطر کے بعد محکمہ خوراک سرکاری نرخوں پر گندم خریداری شروع کرے گا ،کمشنر ڈویژن

پیر 8 اپریل 2024 22:37

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے تحت عیدالفطر کے بعد محکمہ خوراک سرکاری نرخوں پر گندم خریداری شروع کرے گا جس کے دوران چھوٹے زمینداروں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ایک ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہی جس میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘ محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دیگر افسران نے شر کت کی۔

کمشنر نے کہاکہ امسال گندم کے سرکاری خریداری نرخ 3900 فی 40 کلو گرام مقرر کئے گئے ہیں جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن میں گندم کی خریداری کے کم و بیش 40 مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت کے ساتھ حکومتی پالیسی کے مطابق چھوٹے زمینداروں اور کسانوں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدیں تاکہ انہیں ان کی محنت کا پورا حق اور صلہ مل سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہو ئے ڈپٹی ڈائر یکٹر فو ڈ نے بتایاکہ محکمہ خوراک چھ ایکڑ تک کے مالکن کو 6 بیگ باردانہ فی ایکڑ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر جاری کرے گا جبکہ فلور ملز‘ پرائیویٹ افراد اور سیڈ کمپنیاں بھی گندم خرید سکیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ کسان گھر‘بیٹھے اور اپنے قریبی مرکز خریداری پر پی آئی ٹی بی کی ایپ کے ذریعے اپنی درخواستیں 13‘ 17 اپریل جمع کرا سکتےہیں جس کے بعد حق دار زمینداروں اور کسانوں کو پالیسی کے مطابق باردانہ جاری کر دیاجائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈویژن بھر میں بنائے گئے خریداری مراکز پر چھوٹے زمینداوں اور کسانوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بناتے ہو ئے گندم خریداری کے اس قومی ٹاسک کو پوری ذمہ داری سے مکمل کر لیا جائے گا۔\378

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں