گوادر کرکٹ اکیڈمی کاکھلاڑیوں کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام

منگل 2 اپریل 2024 22:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2024ء) گوادر کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیاگیا۔افطار پارٹی میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے چیئرمین عبدالحمید رشید، بانی صدر انجینئرحاجی حنیف حسین، سکریٹری اصغر حسین، ڈائریکٹر کرکٹ فیسیلیٹیز منیر مہر، ڈائریکٹر اکیڈمی شریف حسین، کوچ ولی محمد، کپتان نیواسٹار کرکٹ کلب اعجاز اور اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

اس موقع پر گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر انجینئرحاجی حنیف حسین کی والدہ محترمہ کیلئے دعا مغفرت کی گئی۔تحصیل کرکٹ ٹورنامنٹ میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم کے سیمی فائنل میںکوالیفائی کرنے پراکیڈمی انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے چیئرمین عبدالحمید رشید نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے عید گفٹ اور اکیڈمی میں پریکٹس کیلئے سفید کٹ دینے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جس پر تمام کھلاڑیوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا اور چیئرمین عبدالحمید رشید کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پرگوادر کرکٹ اکیڈمی کے چیئرمین عبدالحمید رشیدنے کھلاڑیوں کوپاکستان کے مختلف شہروں کے ٹورز، ٹیسٹ اور انٹرنیشنل کرکٹرز سے کوچنگ سمیت جدید معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر انجینئرحاجی حنیف حسین نے افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بالخصوص ضلع گوادر میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ہم عبدالحمید رشیدجیسے اسپورٹس لورز اور پاک سر زمین سے بے پناہ محبت کرنے والی شخصیت کی قیادت میں اس ٹیلنٹ کو نکھارکر صوبائی اور قومی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں،گوادر کرکٹ اکیڈمی گوادر نوجوانوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کا نکھار کر صوبائی اور قومی سطح پر اپنی خداداد صلاحیتوں کو منوانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

حاجی حنیف حسین نے بتایا کہ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی گوادر کرکٹ اکیڈمی کو گراس روٹ لیول سے کھیل کوفروغ دینے کے حوالے سے رول ماڈل قرار دے چکے ہیں جو اکیڈمی کیلئے باعث فخر بات ہے۔ ڈائریکٹر کرکٹ فیسیلیٹیز منیر مہر اور سکریٹری اصغر حسین نے افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے ہم نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے پاکستان کا مستقبل روشن بنا رہے ہیں، بلوچستان کے نوجوان مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)،مختلف محکموں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں