معروف اسٹیج ڈانسر کو قتل کر دیا گیا

نامعلوم شخص نے عاشی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 24 اپریل 2023 16:25

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 24 اپریل2023ء) حافظ آباد میں معروف اسٹیج ڈانسر منزہ سلطانی عرف عاشی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ نامعلوم شخص نے حافظ آباد کے محلہ شریف پورہ میں عاشی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش گھر سے ملی ہے جسے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا،تاحال ڈانسر کے قتل کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

دوسری جانب گھریلو پریشانی سے تنگ آکر چار افراد نے زہر پی لیا۔جیو نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹھٹھہ کے گاؤں قاسم چانڈیو میں پیش آیا جہاں تین خواتین اور ایک مرد نے مبینہ طور پر گھریلو پریشانی سے تنگ آکر زہر پی لیا۔رپورٹ کے مطابق چاروں افراد کو جناح ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں پر دو خواتین دم توڑ گئیں۔

(جاری ہے)

اسپتال ذرائع کے مطابق دیگر دو افراد کی حالت بھی تشویشناک ہے جن کا علاج جاری ہے۔

ہسپتال ذرائع نے کہا کہ چاروں افراد نے گھریلو پریشانی سے تنگ آکر زہریلی دوا پی لی تھی۔اسی طرح مریدکے سٹی کی آبادی رحمانپورہ داوکی میں گھریلو حالات سے تنگ محنت کش محمد حسین نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق خود کشی کرنے والے محنت کش محمد حسین کے گھر والوں کے مطابق وہ کئی روز سے روزگار کی وجہ سے پریشان تھا اسکے بچے عید کے کپڑوں کی خریداری کی ضد کرتے تھے، بیوی سے توتکار بچوں کے سامنے ہوئی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں نگل لیں جسے اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔

ضروری پولیس کاروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے کردی گئی، جب محنت کش کی میت اس کے گھر پہنچ گئی تو اسکے بچے لاش سے لپٹ کر روتے رہے کہ پاپا ہمیں کپڑے نہیں چاہئیں ہمیں چھوڑ کر مت جائیں ،یہ منظر دیکھ کر موقع پر موجود ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں