پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ‘ 20 افرادجاں بحق

حادثہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر کوچ اور پک اپ وین میں خوفناک تصادم کے باعث پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 اگست 2023 10:17

پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ‘ 20 افرادجاں بحق
پنڈی بھٹیاں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اگست 2023ء ) پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ اور پک اب وین میں تصادم کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر کوچ اور پک اپ وین میں پنڈی بھٹیاں کے قریب خوفناک تصادم ہوا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں کوچ میں سوار 20 مسافر جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسافر بس میں 35 سے 40 مسافر سوار تھے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی، اچانک گاڑی سے ٹکر کے بعد بس کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا تھا۔ اس حوالے سے ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا ہے کہ مسافر بس سڑک پر کھڑی سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی، جس میں ڈیزل کی ٹنکی لوڈ تھی، پک اپ میں ڈیزل کے ڈرم رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے بس میں آگ لگی، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوسکے گی، زخمیوں کو پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی احسان ظفر نے کہا کہ صبح سوا 4 بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر بس کی ٹکر ہوئی، پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی، جس کے باعث گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور دونوں ہی گاڑیاں جل کر مکمل تباہ ہوگئیں، فیصل آباد موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پیش آئے حادثے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ ایم ایس پنڈی بھٹیاں ہسپتال کا کہنا ہے کہ 11افراد کی لاشیں اور 15 زخمیوں کوپنڈی بھٹیاں ہسپتال لایا گیا، جن میں سے 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں