ضلع نائب ناظم ہنگو انتخابات،پی ٹی آئی ممبران کی جے یوآئی کے امیدوارکی حمایت، جے یوآئی امیدوار کامیاب

بدھ 15 فروری 2017 22:58

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء)ضلعی کنونیئر سید عمر اورکزئی کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی ضلعی نائب ناظم کی نشست پر بدھ کے روز انتخابی عمل مکمل کر لیا گیا ۔اس موقع پر ایوان میں الیکشن کمشنر ہنگو اسلم خان ،ریٹرننگ آفیسر اے سی شاہد خان،ضلع ناظم مفتی عبید اللہ اور ایوان کے اراکین موجود تھے۔انتخابی عمل کے موقع پر تحریک انصاف کے امیدوار فرمان اللہ نے کاغزات نامزدگی واپس لے لئے اور ایوان میں حکومتی اور پی ٹی آئی اپوزیشن اراکین نے باہمی اتفاق رائے سے جے یو آئی کے ممبرحاجی زیارت گل اورکزئی کو بلا مقابلہ ضلعی کنونیئر چن لیا۔

اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کے رہنماء نور آواز ایڈوکیٹ و دیگر نے امید ظاہر کی کہ حاجی زیارت گل ایوان کے معاملات چلانے میں غیر جانبدارانہ سوچ کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

(جاری ہے)

انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد نو منتخب ضلعی نائب ناظم حاجی زیارت گل نے اپوزیشن کے ہمراہ میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں آزاد گروپ کے تین اراکین جن میں بشمول ان کے سید عمر اورکزئی اور سید جلیل میاں شامل تھے نے جے یو آئی کے علاقائی مفادات کے تناظر میں اتحاد کا معاہدہ طے کیا تھا جس کی روشنی میں ضلعی حکومت وجود میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ سید عمر اورکزئی نے مزکورہ نشست پر بہترین انداز میں خدمات انجام دیں اور معاہدے کی پاسداری کے تحت تمام تر معاملات خوش اسلوبی سے روا دوا رکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران و دیگر افسران کا تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عوام کی فلاح بہبود ،علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے جمہوری انداز میں حکومتی امور چلانے کے لئے اپوزیشن اور ایوان بھر کا تعاون نا گزیر ہے۔

حاجی زیارت گل نے کہا کہ ایوان کے امور چلانے کے لئے بلدیاتی نظام کے لئے وضع کردہ رولز آف بزنس، قواعد و ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین کو بلا تفریق ساتھ لے کر چلیں گے ۔انہوں نے بھر پور اعتماد کی اظہار ضلعی ایوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں